42

ایس سی او اجلاس میں پاکستان کی شرکت کو متنازعہ بنانے کی کوشش کی گئی،وزیراعظم عمران خان نے ماضی میں بھی ملکی خارجہ پالیسی کے مفادات کو نقصان پہنچانے میں کوئی عار محسوس نہیں کی تھی،پی ٹی آئی کیلئے بین الاقوامی تعلقات سمیت ہر چیز کھیل ہے،شہباز شریف

اسلام آباد : وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی نے شنگھائی تعاون تنظیم میں پاکستان کی شرکت کو متنازعہ بنانے کی کوشش کی۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں کہا ہے کہ پی ٹی آئی نے جس طرح بھارت میں ہونے والے شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس میں پاکستان کی شرکت کو متنازعہ بنانے کی کوشش کی وہ پریشان کن ہے لیکن اس میں کوئی تعجب کی بات نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان نے ماضی میں بھی ملکی خارجہ پالیسی کے مفادات کو خطرے میں ڈالنے میں کوئی عار محسوس نہیں کی تھی،اقتدار میں رہ کر چیئرمین پی ٹی آئی یہ کر چکے ہیں،پی ٹی آئی کیلئے بین الاقوامی تعلقات سمیت ہر چیز کھیل ہے۔ یاد رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف لندن کے دورے پر ہیں اور گزشتہ روز انہوں نے لندن میں قائد مسلم لیگ ن نواز شریف سے ملاقات کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ ایک ہی دن انتخابات پر قوم کا اتفاق ہے اور ملک میں ایک ساتھ الیکشن ہونے چاہئیں۔نواز شریف بڑے حوصلے میں ہیں اور وہ جلد پاکستان آئیں گے۔ وزیراعظم نے کہا کہ قانون سازی پارلیمنٹ کا حق ہے اور تمام اداروں کو آئین کی مقرر کردہ حدود میں اپنا کردار ادا کرنا چاہیے کیونکہ یہ ملکی سالمیت وسلامتی اور لوگوں کی ترقی و خوشحالی کے لیے ناگزیر ہے۔ انکا کہنا تھا کہ اتحادی حکومت چیلنجز سے نمٹنے کی پوری کوشش کر رہی ہے اور پاکستان مشکلات سے نکلے گا۔ انصاف ہوتا ہوا نظر آنا چاہیے،عوام اور ملک کی بہتری کا مطلب یہ ہے کہ نظام آئین کے مطابق چلایا جائے۔آئین کی بالادستی کے لیے سب کو اپنا کردار ادا کرنا ہو گا جبکہ سب کو قانون اور آئین کا احترام کرنا چاہیے۔گزشتہ حکومت نے اپوزیشن کو انتقام کا نشانہ بنایا اورانہیں من گھڑت مقدمات میں جیلوں میں ڈالا گیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں