18

پاکستان: کی عالمی برادری سے غلط معلومات کے پھیلائو کو روکنےکے لیے شفاف اور جامع معلومات کے فروغ کے لیے اتحاد کی اپیل

پاکستان : نےغلط معلومات کے پھیلائو کو روکنے کےعزم کا اعادہ کرتے ہوئے پوری دنیا کے لیے پرامن ،شفاف اور جامع معلومات کے فروغ کے لیے اتحاد کی اپیل کی ہے۔ اقوام متحدہ میں پاکستان کے نائب مستقل نمائندہ عامر خان نے گزشتہ روز نیویارک میں اقوام متحدہ کے ہیڈکوارٹرز میں یو این کمیٹی آن انفارمیشن کے 45ویں سیشن کے اختتام پر متفقہ طور پر قرارداد کی منظوری کو سراہا جو تعاون، ترقی، مساوات اور عدم امتیاز کے اصول سمیت اقوام متحدہ کے چارٹر کے بنیادی اصولوں کی توثیق کرتی ہے۔پاکستان نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی ذیلی ادارے کمیٹی آن انفارمیشن کے 45ویں اجلاس کی صدارت کی اور ایسا دوسری مرتبہ ہے کہ پاکستان نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی ذیلی تنظیم کمیٹی کی قیادت کی ہے،جس میں پاکستان نے غلط معلومات کے پھیلائو کو روکنے کےعزم کا اعادہ کرتے ہوئے پوری دنیا کے لیے پرامن ،شفاف اور جامع معلومات کے فروغ کے لیے اتحاد کی اپیل کی۔قرارداد کے مسودہ میں آج کی باہم مربوط دنیا میں معلومات کی اہمیت کی توثیق کی گئی اور قابل اعتماد، درست اور بروقت معلومات تک رسائی کو فروغ دینے کے لیے رکن ممالک کے ساتھ مل کر کام کرنے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔ پاکستانی مندوب نے رکن ممالک کے غلط معلومات کے پھیلائو کو روکنے کے عزم کو سراہتے ہوئے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ ہم اطلاعات کی دنیا کو درپیش مسائل کے حل کے لیے اپنی کوششوں کو وسعت دیں گے۔قرارداد کی شرائط کے تحت یہ قرارداد غلط معلومات کے پھیلاؤ اور تیزی سے بدلتے ہوئے میڈیا کے منظر نامے سے پیدا ہونے والے چیلنجز کو تسلیم کرتی ہے جس میں رکن ممالک سے میڈیا کی خواندگی اور ڈیجیٹل خواندگی کو فروغ دینے، آزاد میڈیا اور صحافت کی حمایت کرنے اور نفرت انگیز تقریر اور تشدد پر اکسانے کا مقابلہ کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔ قرارداد میں ثقافتی تنوع اور پرامن بقائے باہمی کے تحفظ کی اہمیت کو تسلیم کرتے ہوئے پسماندہ اور کمزور آبادیوں سمیت سبھی کے لیے معلومات تک رسائی کا مطالبہ کیا گیا۔سیشن میں اقوام متحدہ میں پاکستانی مشن کی پریس کونسلر مریم شیخ نے بھی شرکت کی۔پاکستانی مندوب نے تمام رکن ریاستوں پر زور دیا کہ قرارداد کی شقوں پر عملدرآمد کے لیے اقدامات کیے جائیں ۔ترقی پذیر ممالک اور چین کے گروپ آف 77 اور دیگر رکن ممالک کے مقررین نےمذاکرات کے دوران اتفاق رائے تک پہنچنے کے لیے اہم کردار ادا کرنے پر پاکستانی مندوب عامر خان کی کوششوں کو سراہا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں