63

بغاوت پر اکسانے کا کیس،عدالت کا عمران خان کی عدم پیشی پر اظہارِ برہمی عدالتوں کا مذاق بنا کر رکھا ہوا ہے،عدالتی وقت تک عمران خان پیش نہ ہوئے تو عبوری ضمانت خارج کر دیں گے،چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ کے ریمارکس

اسلام آباد : تھانہ رمنا میں درج مقدمے میں عبوری ضمانت،اسلا آباد ہائیکورٹ نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی عدم پیشی پر اظہار برہمی کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ میں اداروں میں بغاوت پر اکسانے کے کیس میں عمران خان کی درخواست ضمانت پر سماعت ہوئی،عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی کی عدم پیشی پر اظہار برہمی کیا۔چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ عامر فاروق نے استفسار کیا کہ درخواست گزار کہاں ہے؟ وکیل نعیم حیدر نے عدالت کو بتایا کہ عمران خان نہیں آئے،استثنٰی کی درخواست دائر کی ہے۔ چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ استثنٰی کی درخواست کہاں ہے؟ جس پر عمران خان کے وکیل نے کہا کہ درخواست دائر کی ہے۔ چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ نے ریمارکس دئیے کہ عدالتوں کا مذاق بنا کر رکھا ہوا ہے۔عدالتی وقت تک عمران خان پیش نہ ہوئے تو عبوری ضمانت خارج کر دیں گے،کیا ہائیکورٹ کو سول کورٹ سمجھ رکھا ہے؟ اسلام آباد ہائیکورٹ نے عمران خان کی عدالتی وقت میں پیشی تک سماعت میں وقفہ کر دیا۔ یاد رہے کہ اس سے قبل لاہور ہائیکورٹ نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی اسلام آباد کے تھانہ رمنا میں درج مقدمے میں 26 اپریل تک حفاظتی ضمانت منظور کی تھی۔لاہور ہائیکورٹ میں عمران خان کی تھانہ رمنا کے مقدمے حفاظتی ضمانت کی درخواست پر سماعت ہوئی۔ عدالت نے استفسار کیا کہ آپ کے مؤکل متعلقہ عدالت میں پیش ہونا چاہتے ہیں۔ وکیل عمران خان نے کہا کہ اسلام آباد کی متعلقہ عدالت میں پیش ہونا ہے،وکیل نے استدعا کی کہ عمران خان نے 18 اپریل کو اسلام آباد جانا ہے،حفاظتی دی جائے۔ لاہور ہائیکورٹ نے ہدایت کی کہ عمران خان متعلقہ عدالت میں جا کر ضمانت حاصل کریں۔ بعد ازاں عدالت نے چیئرمین تحریک انصاف کی 26 اپریل تک حفاظتی ضمانت منظور کی،لاہور ہائیکورٹ نے پولیس کو عمران خان کی گرفتاری سے روک دیا تھا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں