47

پرویز الٰہی کی گرفتاری کیلئے پولیس چھاپے روکنے کی استدعا مسترد لاہور ہائیکورٹ نے پنجاب حکومت سمیت دیگر فریقین سے 8 مئی کو جواب طلب کر لیا

لاہور : ہائیکورٹ نے پرویز الٰہی کی گرفتاری کیلئے پولیس چھاپے روکنے کی فوری استدعا مسترد کر دی۔ تفصیلات کے مطابق صدر پی ٹی آئی چوہدری پرویز الٰہی کے گھر پولیس آپریشن کیخلاف درخواست پر سماعت ہوئی،جسٹس سرفراز ڈوگر نے پرویز الٰہی کے بیٹے راسخ الٰہی کی درخواست پر سماعت کی۔ عدالت نے پنجاب حکومت سمیت دیگر فریقین سے 8 مئی کو جواب طلب کر لیا۔عامر سعید راں ایڈووکٹ نے عدالت کو بتایا کہ سابق وزیراعلٰی پنجاب کے گھر غیر قانونی طور پر آپریشن کیا گیا۔ ضمانت کے باوجود پرویز الٰہی کی گرفتاری کی کوشش کی گئی،پرویز الٰہی کے گھر پر چھاپہ عدالتی حکم کی خلاف ورزی ہے۔ جسٹس سرفراز ڈوگر نے ریمارکس دئیے کہ کس قانون کے تحت عدالت گرفتاری سے روک سکتی ہے،جب رپورٹ نہیں آتی کیسے آپکی بات مان سکتے ہیں۔پولیس کو اپنا زور لگانے دیں جب معاملہ عدالت آئے گا تو دیکھ لیں گے۔ عدالت نے آئی جی اور ڈی جی اینٹی کرپشن کو قانون کے دائر میں رہتے ہوئے کام کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر تفصیلی رپورٹ طلب کر لی۔ عدالت نے پرویز الٰہی کی گرفتاری کیلئے پولیس چھاپے روکنے کی فوری استدعا مسترد کر دی،درخواست پر مزید سماعت 8 مئی کو ہو گی۔ یاد رہے کہ اس سے قبل راسخ الٰہی کی جانب سے عامر سعید راں ایڈووکیٹ نے سابق وزیراعلٰی پنجاب کے گھر چھاپے کیخلاف لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی گئی تھی۔درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ پولیس نے غیر قانونی طور پر آپریشن کر کے توڑ پھوڑ کی،گھر میں موجود افراد کو بلاوجہ گرفتار اور اہلخانہ کو ہراساں کیا گیا۔ ہائیکورٹ نے 6 مئی تک چوہدری پرویز الٰہی کی ضمانت منظور کی۔ درخواست میں یہ بھی کہا گیا کہ سابق وزیراعلٰی پنجاب کی حفاظتی ضمانت کی معیاد تک چھاپوں سے پولیس کو روکا جائے،غیر قانونی آپریشن کرنے والوں کیخلاف سخت کارروائی کی جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں