48

لکی مروت:سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے 3 حملے ناکام بنا دئیے،7 دہشت گرد ہلاک ہلاک دہشت گردوں میں کمانڈر موسٰی خان بھی شامل تھا،فائرنگ کے تبادلے میں 3 جوان بھی شہید ہوئے،آئی ایس پی آر

راولپنڈی : لکی مروت میں سکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں 7 دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے 3 حملے ناکام بنا دئیے ہیں۔ سکیورٹی فورسز کی جوابی فائرنگ سے 4 دہشت گرد ہلاک ہو گئے،موٹر سائیکل سوار خود کش بمبار نے چیک پوسٹ کے قریب خود کو اڑایا۔دہشت گردوں سے لڑتے ہوئے نائب صوبیدار تاج میر،حوالدار ذاکر احمد اور سپاہی عابد بھی شہید ہوئے۔ آئی ایس پی آر نے کہا کہ لکی مروت کے علاقے امیر کلام اور تجبی خیل میں بھی فائرنگ کا تبادلہ ہوا،فائرنگ کے تبادلے میں مزید 3 دہشت گرد ہلاک ہوئے،ہلاک دہشت گردوں میں کمانڈر موسیٰ خان بھی شامل تھا۔ یاد رہے کہ گزشتہ دنوں سکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کے خلاف انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کیا تھا،آئی ایس پی آر نے کہا کہ آپریشن تربت ہوشاب روڈ پر آئی ای ڈی لگانے والے دہشتگردوں کے خلاف کیا گیا۔سیکیورٹی فورسز کے آپریشن کے دوران 3 دہشتگرد ہلاک ہو گئے تھے۔آپریشن کے دوران دہشتگردوں سے مختلف نوعیت کی گولیاں اور ہتھیار برآمد کیے گئے۔بلوچستان کا امن تباہ کرنے کی ہر کوشش ناکام بنا دیں گے، جبکہ سکیورٹی فورسز کے باجوڑ کے علاقے لوسم میں خفیہ اطلاعات پر مبنی آپریشن کے دوران بھی 3 دہشت گرد مارے گئے تھے۔ آئی ایس پی آر نے کہا کہ سکیورٹی فورسز نے لوسم،ضلع باجوڑ میں انٹیلی جنس پر مبنی آپریشن کیا تھا۔آپریشن کے دوران شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں 3 دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا گیا۔ مارے گئے دہشت گردوں سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا، یہ دہشت گرد سکیورٹی فورسز کے خلاف دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں کے ساتھ ساتھ بھتہ خوری اور شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ میں بھی سرگرم رہے۔ علاقے کے مقامی لوگوں نے آپریشن کو سراہا اور علاقے سے دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کے لیے پرعزم سکیورٹی فورسز کے ساتھ مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں