27

جنہوں نے زیادتی کی انہیں معاف کرتا ہوں مولانا صاحب کو بولیں عوام میں آئیں اور ان کے مسائل حل کریں، آڈیو لیکس کرنا غیر قانونی ہے۔پی ٹی آئی رہنما علی امین گنڈا پور کی گفتگو

شکار پور : پی ٹی آئی رہنما علی امین گنڈا پور کا کہنا ہے کہ جو مخالفین ہیں ، جنہوں نے زیادتی کی انہیں معاف کرتا ہوں۔علی امین گنڈا پور نے شکار پور میں عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اداروں میں آڈیو لیکس کون کر رہا ہے۔کس سافٹ وئیر پر یہ کام ہو رہا ہے، یہ کام غیر قانونی ہے۔علی امین گنڈاپور نے کہا کہ مولانا صاحب کو بولیں عوام میں آئیں اور ان کے مسائل حل کریں۔یہاں واضح رہے کہ سندھ کے ضلع شکار پور کی اسپیشل کورٹ نے گرفتار پی ٹی آئی رہنما علی امین گنڈا پور کے جسمانی ریمانڈ کی درخواست مسترد کر دی تھی۔اسپیشل کورٹ شکار پور کے جج نے علی امین کے جسمانی ریمانڈ کی درخواست مسترد کی تھی۔عدالت نے علی امین گنڈا پور کو 26 اپریل تک جوڈیشل ریمانڈ پر سکھر سینٹرل جیل بھیجنے کا حکم دیا تھا۔جبکہ لاہور کی انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت نے گرفتار پی ٹی آئی رہنما علی امین گنڈا پور کی دائر درخواست ضمانت پر پولیس سے (کل)27 اپریل کو رپورٹ طلب کرلی۔انسداد دہشتگردی عدالت کی ایڈمن جج عبہرگل خان نے علی امین گنڈا پور کی درخواست ضمانت پر ابتدائی سماعت کی۔ علی امین گنڈاپور نے اپنے وکیل نصیر الدین نیئر ایڈووکیٹ کی وساطت سے ضمانت دائر کی ہے جس میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ پولیس نے بے بنیاد مقدمہ میں نامزد کیا، زمان پارک جلائو گھیرائو کے وقت علی امین لاہور میں موجود ہی نہیں تھے جبکہ تھانہ ریس کورس پولیس نے گرفتار ملزمان کے بیانات کی روشنی میں درخواست گزار کو بھی نامزد کردیا۔ علی امین کے وکلا نے استدعا کی کہ درخواست گزار سے کوئی برآمدگی نہیں ہوئی ہے لہذا عدالت ضمانت کی درخواست منظور کرے۔ عدالت نے درخواست ضمانت پر نوٹس جاری کرتے ہوئے 27 اپریل کو پولیس سے رپورٹ طلب کرلی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں