43

سینٹورس مال کے ملازمین پر تشدد کا الزام، وزیراعظم آزاد کشمیر کے بیٹے کے وارنٹ گرفتاری جاری پولیس نےتنویر الیاس کے بیٹے عمر تنویر کی وارنٹ گرفتاری حاصل کر لیے،عمر تنویر کی ایما پر مسلح افراد کے ہمراہ ملازمین کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔مقدمے کا متن

اسلام آباد : سینٹورس مال کے ملازمین پر تشدد کرنے کے الزام میں ملزم کی گرفتاری کے لیے وارنٹ موصول ہو گئے۔اس حوالے سے ہم نیوز کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ وزیراعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس کے بیٹے عمر تنویر کی وارنٹ گرفتاری پولیس نے حاصل کر لیے۔مارگلہ پولیس نے ڈیوٹی جج محمد نوید خان کی عدالت سے وارنٹ گرفتاری حاصل کیے ۔وارنٹ گرفتاری عمر تنویر اور اس کے ملازمین داؤد، اللہ نور اور محمد سلیم کے حاصل کیے گئے۔عمر تنویر سمیت چار ملازمین کے خلاف سینٹورس مال ڈائریکٹر ایچ آر کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا گیا۔مقدمے میں بتایا گیا کہ عمر تنویر کی ایما پر مسلح افراد کے ہمراہ ملازمین کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔ملازمین کو عمر تنویر کے آفس میں حبس بے جا رکھا گیا۔خیال رہے کہ وزیراعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس پہلے بھی یہ الزام عائد کر چکے ہیں کہ انہیں سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔وفاقی دارالحکومت میں واقع سینٹورس مال کو دسمبر کے مہینے میں سی ڈی اے کے شعبہ بلڈنگ کنٹرول نے رات گئے سیل کر دیا تھا۔ سینٹورس مال انتظامیہ کو 6 بار نوٹس جاری کرنے کے بعد سیل کیا گیا، متعدد بار نوٹسز کے باوجود عمارت کے غیر موافق استعمال سی ڈی اے قوائد کی خلاف ورزیاں جاری رہیں۔سینٹورس مال انتظامیہ کو پہلا نوٹس 7مارچ 2014، دوسرا نوٹس 25 اکتوبر 2019، تیسرا نوٹس 28دسمبر 2020، چوتھا نوٹس 31مارچ 2021، پانچواں نوٹس 11 اکتوبر 2021 اور چھٹا نوٹس 23 نومبر 2022 کو جاری کیا گیا۔مسلسل نوٹسز کے باجود سینٹورس مال انتظامیہ نے تعمیل نہیں کی، مسلسل عمارت کے خلاف قوانین استعمال پر مال کو سیل کیا گیا۔سابق وزیراعظم عمران خان نے بھی کہا تھا کہ پی ڈی ایم مافیا کی طرف سے سینٹورس مال کو سیل کرنا ظاہر کرتا ہے کہ 8 مہینے سے ملک میں جنگل کا قانون ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں