43

کراچی پولیس نے حسان نیازی کو لاہور سے اپنی حراست میں لے لیا کراچی پولیس کی چار رکنی ٹیم نے حسان نیازی کو حراست میں لیا، سندھ ہائیکورٹ میں ضمانت کے لیے درخواست دائر

لاہور : کراچی پولیس نے چئیرمین پی ٹی آئی عمران خان کے فوکل پرسن حسان نیازی کو لاہور سے اپنی حراست میں لے لیا۔کراچی پولیس کی چار رکنی ٹیم نے حسان نیازی کو اپنی حراست میں لیا،ٹیم میں ایس آئی اور تین پولیس اہلکار شامل ہیں۔تفتیشی حکام کے مطابق حسان نیازی کو تفتیش کے بعد کل کورٹ میں پیش کیا جائے گا۔حسان نیازی کے خلاف کراچی کے جمشید کوارٹر تھانے میں مقدمہ درج ہے جس میں ان پر اشتعال انگیز تقاریر کی دفعات شامل ہیں۔جبکہ سندھ ہائیکورٹ میں حسان نیازی کی ضمانت کے لیے درخواست دائر کر دی گئی ہے۔خیال رہے کہ حسان نیازی کیخلاف کراچی میں بغاوت کا مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ تھانہ جمشیدکوارٹرز میں بغاوت کا مقدمہ درج کیا گیا ۔پولیس نے بتایا کہ جمشیدکوارٹرزکے رہائشی شہری محمداقبال کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا گیا۔مدعی اقبال نے پولیس کو بیان دیا کہ گھر پر واٹس ایپ استعمال کرتے ہوئے ایک شخص کی وڈیو سامنے آئی، ویڈیو میں وہ شخص انٹرویو دے رہا تھا۔شہری کے مطابق انٹرویو میں اس شخص نے کہا کہ اگر عمران خان گرفتار ہوئے تو کسی کا خیال نہیں رکھا جائے گا، دما دم مست قلندر ہوگا اور اس ملک میں خانہ جنگی ہوگی۔ مقدمے میں حسان نیازی کے دیگرساتھی بھی نامزد ہیں۔مقدمے کے متن میں کہا گیاہے کہ حسان نیازی کی سوشل میڈیاپرشیئرویڈیومیں عوام کوبغاوت پراکسایاگیا، ملکی دفاعی اداروں کومخاطب کرکے دھمکایا۔دفاعی اداروں کے سربراہان کیخلاف دھمکی آمیززبان استعمال کی گئی، حسان نیازی کے بیان سے عوام میں غم وغصہ پایاجاتاہے۔ان کی گرفتاری کیلئے ایسٹ زون پولیس لاہور اور اسلام آباد جائے گی۔دوسری جانب لاہور ہائیکورٹ نے عمران خان کے بھانجے حسان نیازی کی گرفتاری روکنے اور مقدمات کی تفصیلات کی فراہمی کیلئے دائر درخواست پر فریقین کو 29 مارچ کیلئے نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں