52

مینار پاکستان پر پی ٹی آئی کا جلسہ، جلسہ گاہ جانے والے راستے بند کر دئیے گئے پاکستان گراؤنڈ جانے والے راستوں کو بڑے کنٹینر لگا کر بند کیا گیا، شہر کے داخلی اور خارجی راستوں پر بھی کنٹینر لگا دئیے گئے

لاہور: پاکستان تحریک انصاف آج مینار پاکستان پر اپنی سیاسی طاقت کا مظاہرہ کرے گی ،پاکستان تحریک انصاف کے مینار پاکستان جلسے کے موقع پر جلسہ گاہ جانے والے راستے بند کر دئیے گئے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق مینار پاکستان گراؤنڈ جانے والے راستوں کو بڑے کنٹینر لگا کر بند کیا گیا ہے جب کہ شہر کے داخلی اور خارجی راستوں پر بھی کنٹینر لگائے گئے ہیں۔راوی پل اور ریلوے اسٹیشن سے مینار پاکستان جانے والے راستے بند ہیں جب کہ شاہ عالم مارکیٹ میں بھی کنٹینر لگائے گئے ہیں۔علاوہ ازیں سگیاں پل، انجینئرنگ یونیورسٹی روڈ کے راستے بند ہیں،شاہدرہ راوی ٹول پلازہ، بتی چوک سے مینار پاکستان جانے والے راستوں کو کنٹینر لگا کر بند کیا گیا۔نیازی چوک، دہلی دروازہ اور دو موریہ پل کو بھی بند کر دیا گیا۔انچارج میٹرووبس کے مطابق جلسے کے باعث میٹرو بس کا روٹ بھی مختصر کیا گیا ہے۔میٹروبس گجومتہ سے ایم اے او کالج تک چلائی جا رہی ہے۔جب کہ شدید بارش کی وجہ سے منتظمین کو جلسے کی تیاریوں میں مشکلات کا سامنا ہے۔اس سلسلہ میں مرکزی رہنمائوں کو الگ الگ ذمہ داریاں تفویض کی گئی ہیں ۔ تحریک انصاف کے ترجمان کے مطابق جلسہ رات 9بجے کے بعد شروع ہوگا جو سحری تک جاری رہے گا ۔جلسے سے مرکزی رہنما خطابات کریں گے جبکہ پارٹی چیئرمین عمران خان کاسب سے آخر میں کلیدی خطاب ہوگا ۔ تحریک انصاف کے رہنمائوں کے مطابق شدید بارش کی وجہ سے تیاریوں میں مشکلات کا سامنا ہے لیکن ہم جلسے کے انتظامات کو مکمل کرنے کے لئے پر عزم ہیں اور ہمیں یقین ہے کہ تحریک انصاف ماضی کے اپنے تمام جلسوں کے ریکارڈ توڑے گی ۔دوسری جانب تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے مینار پاکستان کے جلسے کے حوالے سے ویڈیو بیان بھی جاری کیا جس میں انہوںنے کہا کہ 25مارچ ہفتے کی شا م کونو بجے کے بعد مینار پاکستان میں اس سال کا پہلا جلسہ کر رہا ہوں ۔یہ جلسہ میں اس لئے کر رہا ہوں کہ میں اپنی ساری قوم کو تیار کرنا چاہتا ہوں کیونکہ جس نازک موڑ پر آج پاکستان کھڑا ہے مجھے آپ سب کی ضرورت ہے ۔ میں آپ سب کو بتائوں گا کہ ہم نے اپنے آئین ، قانون اور عدلیہ کے ساتھ کھڑا ہونا ہے ۔ میں آپ کو بتائوں گا اس امپورٹڈ چوروں کی حکومت نے ملک کو جس دلدل میں دھکیل دیا ہے ہم نے اب پاکستان کو کیسے اس مشکل وقت سے نکالنا ہے ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں