لاہور :تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ پاکستان میں پرچے کاٹنے کا ماحول بنا دیا گیا ہے،عمران خان پر 40 پرچے تو صرف دہشت گردی کے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق فواد چوہدری نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا ہے کہ مجھ پر 7 کیسز ہیں جن کا کوئی سر پیر نہیں،میرے خلاف دہشت گردی کا مقدمہ درج کیا گیا،حالانکہ میں لاہور میں تھا ہی نہیں۔اظہر مشوانی اور شاہد حسین کو اغوا کیا گیا۔انگلینڈ کے شہری کو اٹھایا گیا تو اس کی منتیں شروع کر دیں کہ باہر جا کر بتانا کچھ نہیں،اظہر مشوانی اور شاہد حسین کو ایک ہی روز اٹھا کر مسنگ پرسن بنایا گیا۔ رہنما پی ٹی آئی نے کہا کہ شہریوں کے اغوا میں ملوث لوگوں کو سامنے لا کر ان کے خلاف کارروائی کرنا ہو گی،شہریوں کو اٹھا کر مسنگ پرسن بنایا جارہا ہے۔ریاست کی طرف سے شہریوں کے خلاف کی جانے والی کارروائیوں سے 8 لاکھ شہری ملک چھوڑ گئے،صوبائی ہائیکورٹس کو اس بارے میں نوٹس لینا چاہیے۔ فواد چوہدری کا کہنا تھا ریمنڈ ڈیوس 2 افراد کو مار کر بیرون ملک چلا گیا اسے ایک دن کی بھی سزا نہیں ہو سکی تھی۔ جبکہ سیشن عدالت میں فواد چوہدری کیخلاف زمان پارک میں سڑک بند کرنے اور اشتعال انگیز پریس کانفرنس سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی،عدالت نے فواد چوہدری کی عبوری ضمانت میں 13 اپریل تک توسیع کر دی،انہیں شامل تفتیش ہونے کا حکم دے دیا۔دوسری جانب شاہ محمود قریشی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت آئین پر حملہ کر رہی ہے اور ہم آئین پر عمل چاہتے ہیں،آئین پر عمل نہ کیا گیا تو ملک کو بہت نقصان ہو گا۔ مجھ پر الزام ہے میں نے لوگوں کو اکسایا،میں اکسانے والوں سے نہیں سمجھنے والوں میں سے ہوں۔ انہوں نے بتایا کہ کل کور کمیٹی میٹنگ میں انتخابات ملتوی کیس کی آپ بیتی بیان کی۔
59