لاہور نگران پنجاب حکومت نے صوبے میں آٹے کی تقسیم کے دوران 20 افراد کی ہلاکتوں کے دعوے مضحکہ خیز قرار دے دئیے۔ دنیا نیوز کی رپورٹ کے مطابق نگران وزیراطلاعات پنجاب عامر میر نے کہا ہے کہ فواد چوہدری کی جھوٹ کی دکان اب نہیں چلے گی،کم از کم رمضان المبارک میں ہی جھوٹ بولنے سے گریز کر لیں۔ عمران خان اور ان کے ساتھیوں میں بڑھ چڑھ کر جھوٹ بولنے کا مقابلہ ہے،عوام جھوٹ اور سچ کا فرق جان چکے ہیں اس لیے اب فواد چوہدری جیسے لوگ کیلئے عوام کو گمراہ کرنا ممکن نہیں۔نگران وزیر اطلاعات پنجاب نے بتایا کہ آٹے کی تقسیم کے دوران 20 افراد کی ہلاکت کے دعوے مضحکہ خیز ہیں،آٹے کی تقسیم کے دوران صرف 3 لوگ بھگدڑ مچنے سے جاں بحق ہوئے اور باقی چار افراد کی موت ہارٹ اٹیک کی وجہ سے ہوئی۔ان میں سے 2 افراد کا انتقال ہسپتال میں اور 2 کا انتقال میں گھر میں ہوا تھا۔ دوسری جانب کراچی کے علاقے سائٹ ایریا کی ایک فیکٹری میں راشن تقسیم کرنے کے دوران بھگدڑ مچنے سے اموات کے معاملے کی تحقیقات میں اہم پیشرفت ہوئی ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق پولیس نے کارروائی کر کے فیکٹری مالک عبدالخاق کو گرفتار کر لیا ہے،پولیس کا کہنا ہے کہ فیکٹری کے مالک نے بیرون ملک ہونے کے حوالے سے غلط بیانی کی،مقدمے میں نامزد فیکٹری مالک اور 2 مینجر سمیت 8 ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے۔ سائٹ اے تھانے میں فیکٹری مالک اور مینجر سمیت 9 افراد کیخلاف مقدمہ درج کیا گیا،مقدمے میں لاپرواہی اور غلفت کی دفعات شامل ہیں،پولیس نے حراست میں لیے گئے ملزمان کیخلاف تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ یاد رہے کہ گزشتہ روز سائٹ ایریا کراچی میں راشن کی تقسیم کے دوران بھگدڑ مچنے سے 11 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہو گئے تھے۔
77