63

عمران خان کی اہلیہ نے ایف آئی اے کا نوٹس عدالت میں چیلنج کر دیا لاہور ہائیکورٹ نے درخواست پر فریقین سے جواب طلب کر لیا،بشریٰ بی بی کیخلاف ایف آئی اے میں مقدمہ درج ہے،اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل

لاہور : عمران خان کی اہلیہ نے ایف آئی اے کے نوٹس کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ میں ایف آئی اے کے نوٹس سے متعلق چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی درخواست پر سماعت ہوئی،جسٹس طارق سلیم شیخ نے درخواست پر سماعت کی۔ اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل اور بشریٰ بی بی کے وکیل عدالت میں پیش ہوئے،اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل نے عدالت میں بتایا کہ بشریٰ بی بی کیخلاف ایف آئی اے میں مقدمہ درج ہے،اس کا جواب وفاقی حکومت کے وکیل جمع کرائیں گے۔عدالت نے استفسار کیا کہ ان کے اینٹی کرپشن میں بھی کوئی معاملہ تھا۔ اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل نے کہا کہ اینٹی کرپشن کی حد تک رپورٹ آئندہ سماعت پر پیش کر دیں گے۔بشریٰ بی بی کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ ایف آئی اے نے بے بنیاد الزامات کے تحت انکوائری شروع کی،سیاسی بنیادوں پر انکوائری میں درخواستگزار کو طلبی کے نوٹس جاری کئے۔ وکیل نے عدالت سے استدعا کی خدشہ ہے کہ ایف آئی اے درخواست گزار کو گرفتار کر لے گی،ایف آئی اے کے طلبی کے نوٹس کالعدم قرار دیا جائے۔لاہور ہائیکورٹ نے فریقین سے 12 اپریل کو جواب طلب کر لیا۔ خیال رہے کہ گزشتہ دنوں نیب نے بھی توشہ خانہ کیس میں عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو طلب کیا تھا،نیب ٹیم نے طلبی کے نوٹس کی تعمیل زمان پارک رہائش گاہ کرائی۔نیب کی جانب سے عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو 21 مارچ کو طلب کیا گیا تھا۔جبکہ اس سے پہلے بھی نیب نے عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو توشہ خانہ کیس کی تحقیقات کیلئے طلبی کا سمن جاری کیا تھا،بشریٰ بی بی کو 9 مارچ کو طلب کیا گیا تھا۔ نیب کی جانب سے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو ریکارڈ ساتھ لانے کی ہدایت کی گئی تھی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں