53

نگران پنجاب حکومت کی رکاوٹیں لگا کر لوگوں کو جلسے میں جانے سے روکنے کی تردید پولیس نے لاہور میں جلسہ گاہ جانے والے راستے بند نہیں کیے،مخصوص مقامات پر سکیورٹی خدشات کے پیش نظر کچھ کنٹینرز لگائے ہیں،وزیر اطلاعات عامر میر

لاہور : پی ٹی آئی کا مینار پاکستان پر جلسہ،نگران پنجاب حکومت نے رکاوٹیں لگا کر لوگوں کو جلسے میں جانے سے روکنے کی تردید کر دی۔ تفصیلات کے مطابق نگران وزیر اطلاعات پنجاب عامر میر نے کہا ہے کہ پولیس نے لاہور میں جلسہ گاہ جانے والے راستے بند نہیں کیے،مخصوص مقامات پر سکیورٹی خدشات کے پیش نظر کچھ کنٹینرز لگائے ہیں۔عوام کو سکیورٹی فراہم کرنا اور انکی جانوں کو محفوظ بنانا اولین ترجیح ہے،عوامی اجتماعات کی صورت میں دہشت گردی کے خطرات بھی بڑھ جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے عوام کو تحفظ دینے کیلئے چیکنگ کر رہے ہیں،کسی بھی سیاسی جماعت کے کارکن کو جلسے میں شمولیت سے نہیں روکا جا رہا،حکومت نے پی ٹی آئی کو جلسے کرنے کی اجازت دے رکھی ہے۔یاد رہے کہ تحریک انصاف آج مینار پاکستان پر بھرپور سیاسی طاقت کا مظاہرہ کرے گی، پی ٹی آئی قیادت کے مطابق جلسہ رات 9 بجے کے بعد شروع ہو گا جو سحری تک جاری رہے گا۔ جبکہ مینار پاکستان گراؤنڈ جانے والے راستوں کو بڑے کنٹینر لگا کر بند کیا گیا ہے جب کہ شہر کے داخلی اور خارجی راستوں پر بھی کنٹینر لگائے گئے ہیں۔ راوی پل اور ریلوے اسٹیشن سے مینار پاکستان جانے والے راستے بند ہیں،جب کہ شاہ عالم مارکیٹ میں بھی کنٹینر لگائے گئے ہیں۔علاوہ ازیں سگیاں پل اور انجینئرنگ یونیورسٹی روڈ کے راستے بند ہیں،شاہدرہ راوی ٹول پلازہ،بتی چوک سے مینار پاکستان جانے والے راستوں کو کنٹینر لگا کر بند کیا گیا۔ نیازی چوک، دہلی دروازہ اور دو موریہ پل کو بھی بند کر دیا گیا۔ انچارج میٹرو بس کے مطابق جلسے کے باعث میٹرو بس کا روٹ بھی مختصر کیا گیا ہے،میٹروبس گجومتہ سے ایم اے او کالج تک چلائی جا رہی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں