51

عمران خان نے لاہور میں درج مقدمات میں ضمانت کیلئے عدالت سے رجوع کر لیا چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل نے عبوری ضمانتوں کیلئے درخواستیں دائر کر دیں،عمران خان کا آج انسداد دہشت گردی عدالت میں پیش ہونے کا امکان ہے

لاہور : عمران خان نے لاہور میں درج 3 مقدمات میں ضمانت کیلئے عدالت سے رجوع کر لیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے وکیل نے انسداد دہشت گردی عدالت میں عبوری ضمانتوں کیلئے درخواستیں دائر کر دی ہیں۔ درخواستوں میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ مقدمات میں شامل تفتیش ہونا چاہتا ہوں،گرفتاری کا خدشہ ہے لٰہذا عدالت ضمانت منظور کرے۔سابق وزیراعظم کا آج انسداد دہشت گردی عدالت میں پیش ہونے کا امکان ہے،عمران خان عبوری ضمانت کیلئے پیش ہوں گے،چیئرمین پی ٹی آئی کیخلاف تھانے ریس کورس میں 3 مقدمات درج ہیں۔ یاد رہے کہ تھانے ریس کورس میں درج مقدمات میں پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری اور حماد اظہر کی آج ہی ضمانت خارج کی گئی ہے،انسداد دہشت گردی عدالت میں پولیس پر تشدد،جلاؤ گھیراؤ اور کار سرکار میں مداخلت کیس کی سماعت ہوئی،فواد چوہدری اور حماد اظہر عدالت میں پیش نہ ہوئے۔عدالت نے پی ٹی آئی رہنماؤں کے پیش نہ ہونے پر درخواست ضمانت خارج کر دی،فواد چوہدری اور حماد اظہر نے ضمانتی مچلکے بھی جمع نہیں کروائے تاہم میاں محمود الرشید اور اعجاز چوہدری عدالت میں پیش ہوئے۔ عدالت نے اعجاز چوہدری اور میاں محمود الرشید کی عبوری ضمانت میں 14 اپریل تک توسیع کر دی،تھانے ریس کورس پولیس نے پی ٹی آئی رہنماؤں کیخلاف 12 مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کر رکھا ہے۔جبکہ گزشتہ روز انسداد دہشتگردی عدالت نے جلاؤ گھیراؤ،پولیس پر تشدد کرنے اور پولیس گاڑی چھیننے کے مقدمے میں اسد عمر کی 28 مارچ تک عبوری ضمانت منظور کی تھی،عدالت نے ایک لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض اسد عمر کی عبوری ضمانت منظور کی اور انہیں مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا،عدالت نے اسد عمرکو شامل تفتیش ہونے کا حکم دیتے ہوئے پولیس کو 28 مارچ تک اسد عمر کی گرفتاری سے روک دیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں