14 فروری کو دنیا بھر میں محبت کا عالمی دن منایا جاتا ہے، تاہم اسی روز پنجاب میں پولیس نظام میں بھی ایک بڑی تبدیلی متعارف کرائی جا رہی ہے۔وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے لاہور ٹریفک پولیس کے لیے نئی وردی کی منظوری دے دی ہے، جسے باضابطہ طور پر 14 فروری کو متعارف کرایا جائے گا۔سرکاری ذرائع کے مطابق ابتدائی مرحلے میں نئی وردی لاہور کے ٹریفک پولیس اہلکاروں کو فراہم کی جائے گی، جس کے بعد مرحلہ وار اس کا دائرہ پنجاب کے دیگر اضلاع تک بڑھایا جائے گا۔ایک سرکاری نوٹیفکیشن کے مطابق دوسرے مرحلے میں فیصل آباد، گوجرانوالا، ملتان اور راولپنڈی میں ٹریفک پولیس کی وردیاں تبدیل کی جائیں گی، جبکہ تیسرے مرحلے میں صوبے کے باقی اضلاع میں اس فیصلے پر عملدرآمد کیا جائے گا۔ٹریفک پولیس کی وردیوں میں تبدیلی کے ساتھ ساتھ پنجاب حکومت الیکٹرک گشت کرنے والی گاڑیاں بھی متعارف کرا رہی ہے، جو سیف سٹی اتھارٹی سے منسلک ہوں گی۔صوبائی حکومت کے مطابق اس اقدام کا مقصد ایندھن کے اخراجات میں کمی، ماحول دوست پولیسنگ کو فروغ دینا اور پولیس فورس کی آپریشنل کارکردگی کو بہتر بنانا ہے۔واضح رہے کہ پنجاب حکومت نے گزشتہ ماہ صوبے بھر میں پاکستان کی پہلی گرین پولیس یونٹ کا بھی آغاز کیا تھا، جسے ماحول دوست پولیسنگ کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔