آسٹریلیا میں شدید گرمی کی لہر جنگلاتی آگ بھڑک اٹھی میلبورن میں 17 برسوں کا گرم ترین دن

آسٹریلیا کے جنوب مشرقی حصوں میں شدید گرمی کی لہر کے باعث جنگلات میں آگ بھڑک اٹھی ہے، جس کے نتیجے میں ریاست وکٹوریہ کے دارالحکومت میلبورن میں گزشتہ 17 برسوں کے دوران گرم ترین دن ریکارڈ کیا گیا۔غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق میلبورن میں منگل کے روز درجہ حرارت 45 ڈگری سینٹی گریڈ سے تجاوز کر گیا، جبکہ بعض علاقوں میں پارہ تقریباً 49 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا پہنچا رائٹرز کے مطابق یہ اعداد و شمار آسٹریلیا کے محکمہ موسمیات کے ابتدائی ڈیٹا پر مبنی ہیں۔ صورتِ حال کے پیش نظر ریاست وکٹوریہ کے دیہی علاقوں سے ہزاروں افراد کو نقل مکانی کا حکم دیا جا چکا ہے۔حکام کا کہنا ہے کہ موجودہ گرمی کی لہر کو 2009 کے بدنام زمانہ ’’بلیک سنیچر‘‘ کے بعد بدترین قرار دیا جا رہا ہے، جب وکٹوریہ میں شدید آگ کے نتیجے میں 173 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔وکٹوریہ کے چیف فائر آفیسر کرس ہارڈمین کے مطابق اس وقت چھ مقامات پر شدید آگ بھڑک رہی ہے، جن میں سے تین مقامات پر آگ تاحال قابو سے باہر ہے۔ صرف اوٹ ویز کے علاقے میں آگ تقریباً 10 ہزار ہیکٹر رقبہ جلا چکی ہےانہوں نے خبردار کیا کہ تیز ہواؤں کے باعث آگ مزید پھیلنے کا خدشہ ہے، جس سے مقامی آبادی کو شدید خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔