آسان کاروبار فنانس اسکیم دوسرے مرحلے میں 22 ارب کے قرضے منظور 16 ارب روپے بلاسود تقسیم

آسان کاروبار فنانس اسکیم کے تحت قرض حاصل کرنے کے خواہشمند افراد کے لیے خوشخبری سامنے آ گئی ہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب کی زیر صدارت آسان کاروبار فنانس اسکیم کی پراجیکٹ اسٹیئرنگ کمیٹی کا تیسرا اجلاس پیسک ہاؤس میں منعقد ہوا، جس میں اسکیم کے دوسرے مرحلے پر ہونے والی پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں کاروباری سرگرمیوں کے فروغ میں اسکیم کی اہمیت کو مدنظر رکھتے ہوئے اس کی رفتار مزید تیز کرنے کے لیے مختلف اقدامات کی منظوری دی گئی۔صوبائی وزیر صنعت و تجارت نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایس ایم ایز سیکٹر سے وابستہ کاروباری افراد اور ایوان ہائے صنعت و تجارت کو اسکیم کے بارے میں بھرپور آگاہی فراہم کی جائے گی تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں۔میٹنگ کے دوران مینجنگ ڈائریکٹر پنجاب سمال انڈسٹریز کارپوریشن نے بتایا کہ اسکیم کے دوسرے مرحلے میں اب تک 22 ارب روپے کے قرضے منظور کیے جا چکے ہیں جبکہ 16 ارب روپے کے بلاسود قرضے تقسیم بھی کیے جا چکے ہیںصوبائی وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی قیادت میں آسان کاروبار فنانس اور آسان کاروبار کارڈ اسکیموں کے ذریعے محض چھ ماہ کے قلیل عرصے میں 70 ارب روپے کے بلاسود قرضے فراہم کیے گئے ہیں، جس کے نتیجے میں پنجاب بھر میں 1 لاکھ 8 ہزار 371 کاروبار فروغ پا چکے ہیں۔وزیر اعلیٰ نے بتایا کہ آسان کاروبار فنانس اسکیم کے دوسرے مرحلے میں چار خصوصی اسکیموں کے تحت 3 سے 5 کروڑ روپے تک بلاسود قرضے دیے جا رہے ہیں، جس سے ایس ایم ایز سیکٹر، چھوٹے تاجر، گھریلو صنعتیں اور وینڈرز مستفید ہو رہے ہیں، جبکہ ملکی برآمدات میں اضافے کے لیے ایکسپورٹرز کو بھی اس اسکیم میں شامل کیا گیا ہے۔صوبائی وزیر چوہدری شافع حسین نے کہا کہ تاجروں نے اس اسکیم پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا ہے اور اسکیم کی افادیت عام کرنے کے لیے بھرپور آگاہی مہم چلائی جائے گی تاکہ زیادہ سے زیادہ افراد اس سہولت سے مستفید ہو سکیں۔