پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے تمام سمز کی صارف کے نام پر رجسٹریشن لازمی قرار دیدی

پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے تمام سمز کی صارف کے نام پر رجسٹریشن لازمی قرار دیدی۔پی ٹی اے نے ایک بیان میں صارفین سے اپنی سمز اور ٹیلی کمیونیکیشن سروسز کے ذمہ دارانہ استعمال کو یقینی بنانے کی اپیل کی اور خبردار کیا کہ کسی دوسرے فرد کے نام پر رجسٹرڈ سم کا استعمال متعلقہ ضوابط کی خلاف ورزی ہے۔پی ٹی اے اتھارٹی نے زور دیا کہ سم کے کسی بھی غلط استعمال کی مکمل ذمہ داری رجسٹرڈ صارف پر ہوگی، اس لیے صارفین کو چاہیے کہ وہ اپنی سمز اور موبائل کنکشنز کا ہر وقت ذمہ دارانہ استعمال یقینی بنائیں۔پی ٹی اے بیان کے مطابق رجسٹرڈ صارفین کو اپنی سمز یا ڈیوائسز کے ذریعے کی جانے والی تمام کالز، میسجز اور ڈیٹا استعمال کے لیے انفرادی طور پر جوابدہ ٹھہرایا جائے گا۔پی ٹی اے نے مزید صارفین سے تمام متعلقہ قوانین و ضوابط کی پابندی کرنے کی اپیل کی اور متنبہ کیا کہ خلاف ورزی کی صورت میں کارروائی کی جا سکتی ہے۔
اس کے علاوہ، اتھارٹی نے ٹیلی کام صارفین سے ذمہ دارانہ رویہ اپنانے اور پاکستان کے ٹیلی کمیونیکیشن سسٹم کی سیکیورٹی، استحکام اور بھروسے کی حفاظت میں فعال کردار ادا کرنے کی اپیل کی ہے۔