حج 2026 کے انتظامات کے سلسلے میں سعودی عرب کی جانب سے دی گئی ڈیڈ لائن میں صرف ایک روز باقی رہ گیا ہے، جس کے پیش نظر وزارت مذہبی امور نے ہنگامی اقدامات شروع کر دیے ہیں۔وزارت مذہبی امور نے ڈائریکٹر جنرل پاسپورٹس ڈیپارٹمنٹ کو مراسلہ ارسال کرتے ہوئے درخواست کی ہے کہ آج اور کل ملک بھر میں پاسپورٹ دفاتر کھلے رکھے جائیں اور اس معاملے کو انتہائی اہمیت دی جائے۔ذرائع کے مطابق وزارت مذہبی امور میں ہنگامی حالت نافذ کر دی گئی ہے اور متعلقہ اسٹاف کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئی ہیں، کیونکہ حج میں فرائض سرانجام دینے والے ویلفیئر اسٹاف کے پاسپورٹس تاحال تیار نہیں ہو سکے۔مراسلے میں واضح کیا گیا ہے کہ سعودی عرب میں تعیناتی کے لیے ویلفیئر اسٹاف کے پاسپورٹس 21 دسمبر تک مسار ایپ پر اپ لوڈ کرنا لازمی ہے۔ اسی لیے حج میڈیکل مشن کے 268 اراکین کے پاسپورٹس فوری طور پر جاری کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔واضح رہے کہ سعودی ڈیڈ لائن پوری کرنے کے لیے وزارت مذہبی امور نے ہفتہ وار تعطیل معطل کر کے پاسپورٹ دفاتر کھلے رکھنے کی باضابطہ درخواست بھی کی ہے۔