پاکستان کا کرنٹ اکاؤنٹ خسارے سے نکل کر سرپلس میں تبدیل

اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق نومبر 2025 کے دوران پاکستان کا کرنٹ اکاؤنٹ 10 کروڑ ڈالر سرپلس رہا، جبکہ اکتوبر 2025 میں ملکی کرنٹ اکاؤنٹ 29 کروڑ ڈالر خسارے میں تھا۔ اسٹیٹ بینک کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اکتوبر 2025 میں کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ 291 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا، جبکہ نومبر 2024 میں کرنٹ اکاؤنٹ 709 ملین ڈالر سرپلس رہا تھا۔ رپورٹ کے مطابق رواں مالی سال کے پہلے پانچ ماہ میں پاکستان کا مجموعی کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ 812 ملین
ڈالر رہا، جبکہ گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے میں کرنٹ اکاؤنٹ 503 ملین ڈالر سرپلس میں تھا۔ ماہرینِ معیشت کا کہنا ہے کہ بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کی جانب سے ترسیلاتِ زر میں مسلسل اضافہ ملکی کرنٹ اکاؤنٹ کو سہارا دے رہا ہے، جو معیشت کے لیے ایک مثبت اشارہ ہے۔