اسلام آباد میں مبینہ طور پر خودکشی کرنے والے ایس پی عدیل اکبر کے پوسٹ مارٹم میں اہم انکشافات سامنے آئے ہیں۔ پمز اسپتال میں میڈیکل لیگل آفیسر (MLO) نے پوسٹ مارٹم کی تفصیلات مکمل کر لی ہیں اور ابتدائی رپورٹ پولیس کو فراہم کی جائے گی، جس کے بعد لاش لواحقین کے حوالے کر دی گئی۔ ذرائع کے مطابق عدیل اکبر کو ایک ہی گولی لگی جو سامنے کی جانب سے سر کے عقب تک گئی، جس سے دماغ شدید متاثر ہوا اور یہی موت کی وجہ بنی۔ بتایا گیا ہے کہ ایس پی عدیل ڈپریشن کا شکار تھے اور ڈاکٹر نے انہیں اسلحہ ساتھ رکھنے سے بھی منع کیا تھا۔ یاد رہے کہ گزشتہ روز اسلام آباد پولیس کے ایس پی انڈسٹریل ایریا عدیل اکبر نے سرینا ہوٹل کے قریب ساتھی اہلکار سے پستول لے کر خود کو گولی مار لی تھی۔ مرحوم کا تعلق گجرات سے تھا، وہ سی ایس ایس کے 46ویں کامن کے ٹاپر اور ایک ننھی بیٹی کے والد تھے۔ ان کی نمازِ جنازہ پولیس لائنز میں ادا کی گئی۔