وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے اوکاڑہ کے دیبالپور میں سیلاب بحالی پروگرام کے تحت فلڈ کارڈ تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ پنجاب حکومت سیلاب متاثرین کے لیے 100 ارب روپے کی امداد فراہم کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ “نواز شریف کی بیٹی آج اپنا وعدہ وفا کرنے آئی ہے، سیلاب متاثرین کو ان کا حق مل رہا ہے اور انہیں اس سے بھی زیادہ ملنا چاہیے۔” مریم نواز نے واضح کیا کہ پنجاب میں تاریخ کا بدترین سیلاب آیا تھا، اب متاثرین کی بحالی کا باقاعدہ آغاز ہو چکا ہے، اور جب تک آخری متاثرہ شخص اپنے گھر واپس نہیں پہنچتا وہ سکون سے نہیں بیٹھیں گی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ امداد کی تقسیم میں کرپشن کے تمام راستے بند کر دیے گئے ہیں اور ہر متاثرہ خاندان کو شفاف طریقے سے پوری رقم دی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ 70 فیصد سروے مکمل ہو چکا ہے جبکہ شکایات کے اندراج کے لیے 72 کیمپ قائم کیے گئے ہیں۔ مریم نواز نے مزید کہا کہ اب تک 71 ہزار متاثرہ خاندانوں کے بینک اکاؤنٹس کھولے جا چکے ہیں، جنہیں چیک، اے ٹی ایم کارڈ اور 50 ہزار روپے فوری طور پر دیے جا رہے ہیں۔