فیصل آباد کے علاقے کھڈیاں وڑائچاں میں سی سی ڈی پولیس اور شاہ گینگ کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں گینگ کا شوٹر ثناءاللہ عرف نزاکت ہلاک ہوگیا جبکہ پانچ ملزمان موٹرسائیکلوں پر فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ پولیس کے مطابق ہلاک ملزم ڈکیتی، راہزنی اور بھتہ خوری کے 25 مقدمات میں ملوث تھا۔ سی سی ڈی انسپکٹر ارم رضا کی قیادت میں ٹیم نے ملزمان کی قبرستان میں موجودگی کی اطلاع پر چھاپہ مارا تو ملزمان نے پولیس پر فائرنگ کر دی، جس کے جواب میں فائرنگ کے دوران ثناءاللہ اپنے ہی ساتھیوں کی گولی لگنے سے موقع پر ہلاک ہوگیا۔ پولیس نے فرار ملزمان حسنین شاہ، غلام مصطفیٰ دھکڑ اور دیگر کے خلاف تھانہ سی سی ڈی میں قتل سمیت سات دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے جبکہ ان کی گرفتاری کے لیے چھاپے جاری ہیں۔