راولپنڈی ٹیسٹ کے دوران متبادل ٹریفک پلان جاری 310 اہلکار تعینات

جنوبی افریقہ اور پاکستان کے درمیان دوسرا ٹیسٹ آج سے راولپنڈی میں شروع ہو رہا ہے، جس کے دوران شہریوں کے لیے متبادل ٹریفک پلان جاری کر دیا گیا ہے۔ ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق کرکٹ ٹیموں کی نقل و حرکت اسلام آباد سے راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم تک ہوگی، جبکہ 310 ٹریفک افسران و اہلکار مختلف مقامات پر تعینات کیے جائیں گے تاکہ شہریوں کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ ہو۔ ٹریفک پولیس کے مطابق مارگلہ روڈ سے کھنہ کی جانب جانے والے شہری فیصل ایونیو، بلیو ایریا، کلب روڈ اور لہتراڑ روڈ استعمال کریں، جبکہ جی نائن، جی ٹین، جی الیون اور ترنول جانے والے شہری فیصل ایونیو سے ایف ٹین والا روڈ اختیار کریں۔ راولپنڈی صدر سے اسلام آباد آنے والے شہری پشاور موڑ کے ذریعے سری نگر ہائی وے استعمال کریں، اور آئی جے پی روڈ سے آنے والے افراد کو سبزی منڈی روڈ اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ ترجمان کے مطابق شہریوں کی سہولت کے لیے خصوصی اقدامات کیے گئے ہیں تاکہ میچ کے دوران ٹریفک کی روانی برقرار رہے اور عوام کو غیر ضروری پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔