آل پاکستان کلرک ایسوسی ایشن گڈو بیراج کا احتجاجی مظاہرہ، بلاول ہاؤس کے سامنے دھرنے کا اعلان

آل پاکستان کلرک ایسوسی ایشن گڈو بیراج کی جانب سے چیف آفس ایریگیشن گڈو بیراج کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، جس میں سیکڑوں ملازمین نے شرکت کی۔ مظاہرین نے سندھ حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کی،احتجاجی مظاہرے کی قیادت آغا لعل بخش اور آغا طاہر مغل نے کی۔ اس موقع پر مقررین نے کہا کہ سندھ حکومت سرکاری ملازمین کے ساتھ مسلسل ناانصافیاں کر رہی ہے، ہماری پینشن اور تنخواہوں میں غیرقانونی کٹوتیاں کی جا رہی ہیں جبکہ ملازمین کو پروموشنز، ٹائم اسکیل اور ہاؤس رینٹ سمیت دیگر جائز حقوق سے بھی محروم رکھا جا رہا ہے۔مقررین کا کہنا تھا کہ ہم کئی بار اپنے مطالبات سندھ حکومت کے سامنے رکھ چکے ہیں مگر تاحال شنوائی نہیں ہوئی۔ ملازمین نے اعلان کیا کہ اگر ہمارے مطالبات فوری طور پر تسلیم نہ کیے گئے تو 6 اکتوبر کو بلاول ہاؤس کے سامنے بھرپور دھرنا دیا جائے گا۔