ڈیری فارمرز کے 50 روپے فی لیٹر اضافے کے مطالبے پر کمشنر کراچی کا بڑا فیصلہ

ڈیری فارمرز کی جانب سے دودھ کی قیمتوں میں یکدم 50 روپے فی لیٹر اضافے کے مطالبے پر کمشنر کراچی نے بڑا فیصلہ کر لیا ہے۔ کمشنر نے دودھ کی قیمتوں کا ازسرِنو جائزہ لینے اور نیا نوٹیفکیشن جاری کرنے کے لیے اجلاس طلب کر لیا ہے۔نتفصیلات کے مطابق کراچی کے ڈیری فارمرز نے اعلان کیا تھا کہ اگر یکم اکتوبر تک دودھ کی قیمت میں اضافہ نہ کیا گیا تو وہ وزیراعلیٰ ہاؤس کے باہر احتجاج کریں گے۔ ڈیری فارمرز ایسوسی ایشن نے کراچی پریس کلب میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ حالیہ سیلاب سے ڈیری سیکٹر کو شدید نقصان پہنچا ہے، جس کی وجہ سے دودھ کی پیداوار پر لاگت تقریباً 30 فیصد بڑھ گئی ہے۔ایسوسی ایشن کے مطابق فارمرز اس وقت روزانہ تقریباً 3 ارب روپے کا نقصان برداشت کر رہے ہیں اور موجودہ نرخوں پر کاروبار جاری رکھنا ممکن نہیں رہا۔ فارمرز نے مطالبہ کیا کہ دودھ کی قیمت 270 روپے فی لیٹر مقرر کی جائے، بصورت دیگر وہ مویشیوں کو چارہ اور دیگر ضروری سہولیات فراہم کرنے کے قابل نہیں رہیں گے، جس کے نتیجے میں بڑے پیمانے پر مویشیوں کی بھوک اور ہلاکت کا خدشہ ہے۔دودھ کی قیمتوں میں اضافے کے مطالبے پر شہریوں کی جانب سے تشویش کا اظہار کیا جا رہا ہے، جب کہ کمشنر کراچی کا کہنا ہے کہ عوام اور فارمرز دونوں کے مسائل کو مدنظر رکھ کر فیصلہ کیا جائے گا۔