ایشیا کپ 2025: پاکستان اور سری لنکا کے درمیان فیصلہ کن میچ آج ابوظبی میں کھیلا جائے گا

ایشیا کپ 2025 ٹی ٹوئنٹی کے سپر فور مرحلے کا تیسرا اور اہم میچ آج پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ابوظبی میں کھیلا جائے گا۔پاکستانی ٹیم دبئی سے ابوظبی پہنچ چکی ہے، جہاں کل کھلاڑیوں نے آرام کیا تاکہ میچ کے لیے تازہ دم رہیں۔ اس میچ کی خاص اہمیت ہے کیونکہ اگر پاکستان کو فائنل کھیلنا ہے تو یہ میچ لازمی جیتنا ہوگا، بصورت دیگر اگر مگر کا کھیل شروع ہوجائے گا۔ سپر فور مرحلے میں شامل چاروں ٹیموں کے پاس فائنل میں پہنچنے کا موقع ہے اور کوئی بھی ٹیم ایک میچ کی کامیابی پر فائنل تک رسائی حاصل کرسکتی ہے۔دوسری جانب سابق کپتان قومی ٹیم شعیب ملک نے کھلاڑی سلمان علی آغا کی پرفارمنس پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ ایک اسپورٹس پروگرام میں اظہار خیال کرتے ہوئے شعیب ملک کا کہنا تھا کہ سلمان علی آغا مسٹری اسپنرز کو سمجھنے میں مشکلات کا شکار ہیں، اور یہ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کی ڈیمانڈ کے مطابق درست نہیں۔انھوں نے کہا کہ “سلمان علی آغا تین نمبر پر کھیلتے ہیں اور جب وہ کپتان تھے تب بھی اسی پوزیشن پر بیٹنگ کرتے تھے، یہ ان کے لیے مناسب نمبر ہے، لیکن اصل مسئلہ یہ ہے کہ وہ اسپنرز کا ہاتھ پڑھ نہیں پا رہے۔ دنیا کی تمام بڑی ٹیمیں، حتیٰ کہ ایسوسی ایٹس ٹیمیں بھی، اپنے مڈل اوورز میں مسٹری اسپنرز کھلاتی ہیں، اور اگر کوئی بیٹر بال کو سمجھ ہی نہ پائے کہ اندر آئے گا یا باہر نکلے گا تو یہ ٹیم کے لیے نقصان دہ ثابت ہوتا ہے۔”