ایشیا کپ کے بعد پاک بھارت ٹیمیں ایک بار پھر آمنے سامنے آئیں گی

ایشیا کپ کے بعد پاکستان اور بھارت کی کرکٹ ٹیمیں ایک مرتبہ پھر شائقین کا جوش بڑھانے کے لیے میدان میں اتریں گی۔یو اے ای میں جاری ایشیا کپ میں پاکستان اور بھارت کے درمیان دو سنسنی خیز میچز کھیلے جا چکے ہیں جبکہ امکان ہے کہ 28 ستمبر کو ٹورنامنٹ کے فائنل میں بھی دونوں ٹیمیں ٹکرا سکتی ہیں۔تاہم ایشیا کپ کے بعد بھی کرکٹ کے شائقین کو ایک اور بڑا معرکہ دیکھنے کو ملے گا۔ اکتوبر میں کولمبو میں 5 اکتوبر کو پاکستان اور بھارت کے درمیان ہائی وولٹیج میچ ہوگا۔ اس بار یہ مقابلہ مینز کے بجائے ویمنز ٹیموں کے درمیان آئی سی سی ویمنز ون ڈے ورلڈ کپ کے گروپ میچ میں کھیلا جائے گا۔آئی سی سی ویمنز ون ڈے ورلڈ کپ کا آغاز 30 ستمبر سے ہوگا، جو 34 روز تک جاری رہے گا۔ اس دوران مجموعی طور پر 31 میچز کھیلے جائیں گے، جن میں سیمی فائنلز 29 اور 30 اکتوبر جبکہ فائنل 2 نومبر کو شیڈول ہے۔ورلڈ کپ میں 8 ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔ یہ ٹورنامنٹ سنگل لیگ کی بنیاد پر کھیلا جائے گا، ہر ٹیم 7 میچز کھیلے گی اور بہترین چار ٹیمیں سیمی فائنلز میں جگہ بنائیں گی۔پاکستان ویمنز ٹیم کل سری لنکا روانہ ہوگی۔ قومی ٹیم اپنی مہم کا آغاز 2 اکتوبر کو بنگلہ دیش کے خلاف میچ سے کرے گی جبکہ 5 اکتوبر کو روایتی حریف بھارت کے خلاف میدان میں اترے گی۔ اس کے بعد پاکستان 8 اکتوبر کو آسٹریلیا، 15 اکتوبر کو انگلینڈ، 18 اکتوبر کو نیوزی لینڈ، 21 اکتوبر کو جنوبی افریقہ اور 24 اکتوبر کو آخری گروپ میچ میں میزبان سری لنکا سے ٹکرائے گی۔