دبئی: ایشیا کپ 2025 کے سپر فور مرحلے میں بھارت کے خلاف میچ کے دوران قومی اوپنر فخر زمان کے متنازع آؤٹ پر پاکستان نے آئی سی سی کو امپائر روچیرا پلیاگوروگے کے خلاف شکایت کر دی۔ذرائع کے مطابق پاکستان ٹیم مینجمنٹ نے ٹی وی امپائر کے فیصلے کو متنازع قرار دیتے ہوئے آئی سی سی کے امپائرز اور میچ منیجر کے سامنے اپنے تحفظات پیش کیے۔ ٹیم انتظامیہ کا کہنا ہے کہ فیصلے نے میچ کے نتیجے پر براہ راست اثر ڈالا۔یہ واقعہ پاکستان کی اننگز کے تیسرے اوور کی تیسری گیند پر پیش آیا، جب فخر زمان نے ہاردک پانڈیا کی گیند پر ڈرائیو کھیلنے کی کوشش کی۔ گیند ایج ہو کر وکٹ کیپر سنجو سامسن کے ہاتھوں میں گئی، تاہم چونکہ کیچ زمین کے قریب تھا اس لیے فیصلہ تھرڈ امپائر کو بھیجا گیا۔متعدد ری پلے دیکھنے کے بعد تھرڈ امپائر روچیرا پلیاگوروگے نے فخر زمان کو آؤٹ قرار دیا، جس پر اوپنر اور ٹیم مینجمنٹ دونوں حیران رہ گئے۔ بعد ازاں کپتان سلمان علی آغا نے بھی پریس کانفرنس میں فیصلے پر شکوک و شبہات کا اظہار کیا۔فخر زمان کے اس آؤٹ پر سوشل میڈیا پر بھی شدید بحث چھڑ گئی ہے اور شائقین کرکٹ نے فیصلے کو متنازع قرار دیا ہے۔