دبئی: ایشیاء کپ 2025 کے سپر فور مرحلے میں گزشتہ روز پاکستان کو روایتی حریف بھارت کے خلاف ایک اور شکست کا سامنا کرنا پڑا، جس کے بعد شائقین کرکٹ مایوسی کا شکار ہیں۔دبئی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں بھارت نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 171 رنز بنائے۔جواب میں بھارت نے ہدف 19ویں اوور میں 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا اور اس طرح پاکستان کو ٹورنامنٹ میں بھارت کے ہاتھوں مسلسل دوسری شکست کا سامنا کرنا پڑا۔موجودہ صورتحال میں پاکستان کے لیے ٹورنامنٹ میں آگے بڑھنا مشکل ہوگیا ہے۔ اگر قومی ٹیم کو فائنل میں جگہ بنانی ہے تو اسے اپنے دونوں اگلے میچز جیتنے ہوں گے۔ کسی ایک میچ میں بھی ناکامی پاکستان کو ایشیاء کپ 2025 سے باہر کر دے گی۔پاکستان کا اگلا میچ 23 ستمبر کو سری لنکا اور دوسرا میچ 25 ستمبر کو بنگلادیش کے خلاف ہوگا۔