ویانا (اے این این) — انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی (آئی اے ای اے) کے ڈائریکٹر جنرل رافیل ماریانو گروسی نے پاکستان کے نیوکلیئر پاور پروگرام کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان پُرامن مقاصد کے لیے جوہری سائنس اور ٹیکنالوجی کے استعمال میں ایک اہم شراکت دار ہے۔اے آر وائی نیوز کے مطابق ویانا میں جاری آئی اے ای اے کی 69 ویں جنرل کانفرنس کے دوران ڈی جی آئی اے ای اے نے چیئرمین پاکستان اٹامک انرجی کمیشن (پی اے ای سی) ڈاکٹر راجہ علی رضا انور سے ملاقات کی۔
اس موقع پر رافیل گروسی نے پاکستان کے سول نیوکلیئر انرجی پروگرام میں نمایاں پیشرفت کو سراہا اور کہا کہ پاکستان کا نیوکلیئر پاور پروگرام اچھی رفتار سے آگے بڑھ رہا ہے۔ انہوں نے خاص طور پر چشمہ نیوکلیئر پاور پلانٹ سی-5 کو پاکستان کے جوہری توانائی کے شعبے میں ایک اہم سنگِ میل قرار دیا۔چیئرمین پی اے ای سی ڈاکٹر راجہ علی رضا انور نے اس موقع پر بتایا کہ پاکستان کے تمام نیوکلیئر پاور پلانٹس اعلیٰ ترین حفاظتی معیار کے مطابق کامیابی سے چل رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی سرگرمیاں آئی اے ای اے کے وژن سے مکمل طور پر ہم آہنگ ہیں اور پاکستان پُرامن جوہری تعاون کے ساتھ پائیدار ترقی کے لیے پرعزم ہے۔