فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے سوشل میڈیا پر دولت کی نمائش کرنے والے ایک لاکھ سے زائد افراد کا ڈیٹا اکٹھا کرلیا ہے۔ ذرائع کے مطابق ایسے افراد جو مہنگی گاڑیاں، جائیدادیں، گھڑیاں، کپڑے اور تقریبات میں فضول اخراجات دکھاتے ہیں لیکن انکم ٹیکس گوشوارے جمع نہیں کراتے، اب ٹیکس حکام کے ریڈار پر ہوں گے۔اطلاعات کے مطابق ایف بی آر نے “سوشل میڈیا لائف اسٹائل مانیٹرنگ ٹیم” کے ذریعے فہرستیں تیار کرلی ہیں جبکہ نادرا نے بھی ان افراد کی شناخت میں معاونت فراہم کی ہے۔ شادیوں پر لاکھوں روپے کے اخراجات، مہنگے ڈالر مالیت کے سوٹ اور تقریبات میں نوٹ نچھاور کرنے والوں کو بھی چھان بین کا سامنا ہوگا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ایف بی آر نے ان افراد کے اخراجات، کریڈٹ و اے ٹی ایم کارڈز اور بیرونِ ملک سفر کی تفصیلات بھی حاصل کرلی ہیں۔ نان فائلرز کے خلاف کارروائیاں یکم اکتوبر سے شروع ہوں گی۔ایف بی آر کے مطابق انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی آخری تاریخ 30 ستمبر مقرر ہے اور اس میں کسی قسم کی توسیع نہیں کی جائے گی۔