امریکا جانے کے خواہشمند افراد کے لیے بڑی خبر، ڈائیورسٹی ویزا لاٹری رجسٹریشن پر فیس عائد

واشنگٹن (مانیٹرنگ ڈیسک) دنیا کی واحد سپر پاور امریکا جانے اور گرین کارڈ حاصل کرنے کے خواہشمند افراد کے لیے امریکی محکمہ خارجہ نے اہم اعلان کردیا۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکی محکمہ خارجہ نے ڈائیورسٹی ویزا (ڈی وی) لاٹری رجسٹریشن کے لیے پہلی بار ایک ڈالر فیس متعارف کرائی ہے۔ یہ فیس رجسٹریشن کے وقت لی جائے گی اور ناقابلِ واپسی ہوگی۔رپورٹ کے مطابق یہ فیس اس 330 ڈالر کی فیس سے علیحدہ ہوگی جو صرف منتخب امیدواروں سے وصول کی جاتی ہے۔ نئی فیس کا اطلاق 16 اکتوبر سے ہوگا۔ رجسٹریشن کے خواہشمند افراد کو امریکی حکومت کی سرکاری ویب سائٹ پر اندراج کے دوران ایک ڈالر کی ادائیگی مجاز پورٹل کے ذریعے کرنی ہوگی۔امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق ڈائیورسٹی ویزا لاٹری پروگرام کے تحت ہر سال 55 ہزار تک ویزے جاری کیے جاتے ہیں، خاص طور پر ان ممالک کے شہریوں کے لیے جہاں امریکا میں امیگریشن کی سطح کم ہے۔ اس پروگرام کے لیے دنیا بھر سے سالانہ تقریباً 25 ملین افراد رجسٹریشن کراتے ہیں۔ایک ڈالر کی فیس لاگو ہونے سے امریکی حکومت کو اندازاً سالانہ 25 ملین ڈالر آمدنی متوقع ہے، جسے ڈی وی لاٹری کے اخراجات، سسٹم اپ گریڈ، ڈیٹا اکٹھا کرنے اور سیکیورٹی کے اقدامات پر خرچ کیا جائے گا۔محکمہ خارجہ کا کہنا ہے کہ نئی فیس تھرڈ پارٹی جعلسازوں کے دھوکے کم کرنے میں مددگار ثابت ہوگی اور اس پروگرام کو زیادہ شفاف بنایا جا سکے گا۔ تاہم خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ اس فیس کے بعد ڈائیورسٹی ویزا لاٹری کی مجموعی طلب میں کمی آ سکتی ہے، خاص طور پر اُن ممالک کے افراد کے لیے جن کے پاس محدود وسائل یا کم معاشی مواقع ہیں۔