پاکستان میں پہلی بار بغیر کیمو تھراپی کینسر کا علاج، مریم نواز نے جدید کوآبلیشن کینسر ٹریٹمنٹ سینٹر کا افتتاح کردیا

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ملک کے پہلے جدید کوآبلیشن کینسر ٹریٹمنٹ سینٹر کا افتتاح کر دیا ہے، جہاں کینسر کا علاج پہلی بار بغیر کیمو اور ریڈیو تھراپی کے ممکن ہوگا۔
یہ جدید مشین چین سے درآمد کی گئی ہے، اور اس خطے میں چین کے علاوہ کسی ملک کے پاس موجود نہیں۔ اس مشین کے ذریعے صرف ایک سے دو گھنٹے کے اندر کینسر کا علاج کیا جا سکتا ہے۔افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ:میو اسپتال لاہور میں ایک مشین آپریشنل ہو چکی ہے، جس سے 5 مریضوں کا کامیاب علاج کیا گیا اور وہ صحتیاب ہیں۔جنوبی پنجاب اور راولپنڈی کے لیے بھی مشینیں منگوائی جا رہی ہیں، جبکہ نواز شریف کینسر اسپتال کے لیے تین مشینوں کا آرڈر دیا جائے گا۔اس مشین کی قیمت 25 کروڑ روپے ہے اور اس کے استعمال کے لیے درکار پروب کی قیمت 5500 ڈالر ہے۔ پنجاب حکومت نے اس مقصد کے لیے 5 ارب روپے مختص کر دیے ہیں تاکہ غریب مریضوں کا علاج بالکل مفت ہوسکے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ کینسر کے زیادہ تر مریض اس موذی مرض سے نہیں بلکہ کیمو اور ریڈیو تھراپی کے تکلیف دہ اثرات سے جان گنوا بیٹھتے ہیں، جبکہ یہ نیا طریقہ علاج مریضوں کے لیے ایک بڑی امید کی کرن ہے۔مریم نواز نے بتایا کہ کڈنی ٹیومر کے علاج کا تجربہ بھی اسی جدید مشین کے ذریعے کیا جائے گا تاکہ عوام کو عالمی معیار کی صحت سہولتیں فراہم کی جا سکیں۔