طالبان کا انٹرنیٹ پر کریک ڈاؤن، بلخ سمیت کئی علاقوں میں فائبر آپٹک بند

کابل: طالبان رہنما ملا ہیبت اللہ اخوندزادہ کے حکم پر افغانستان کے کئی علاقوں میں انٹرنیٹ سروسز پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔ حکام کے مطابق صوبہ بلخ میں فائبر آپٹک انٹرنیٹ مکمل طور پر ممنوع قرار دے دیا گیا ہے۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق طالبان حکومت نے انٹرنیٹ پر کریک ڈاؤن مزید سخت کر دیا ہے اور متعدد صوبوں میں ہائی اسپیڈ کنکشن منقطع کر دیے گئے ہیں۔ صوبائی ترجمان عطا اللہ زید کا کہنا ہے کہ یہ اقدام ’’برائی کو ختم کرنے‘‘ کے لیے کیا گیا ہے اور جلد متبادل ذرائع فراہم کیے جائیں گے۔انٹرنیٹ پابندیوں کے باعث روزمرہ زندگی بری طرح متاثر ہو رہی ہے۔ بینکنگ سسٹم، آن لائن تعلیم، سرکاری خدمات اور کاروباری سرگرمیاں مفلوج ہو کر رہ گئی ہیں۔یاد رہے کہ گزشتہ سال طالبان نے اخلاقی ضابطوں پر مبنی قانون نافذ کیا تھا، جس کے تحت خواتین کے لیے چہرہ ڈھانپنا، مردوں کے لیے داڑھی رکھنا اور عوامی مقامات پر موسیقی بجانے پر پابندی عائد کی گئی تھی۔