ابوظبی: اماراتی پولیس نے عوام کو متنبہ کیا ہے کہ دھوکہ بازوں کی جانب سے بھیجی جانے والی فرضی ای میلز اور پیغامات سے ہوشیار رہیں جن میں ’’پارسل کی وصولی‘‘ کا جھانسہ دیا جاتا ہے۔عرب میڈیا کے مطابق جعل ساز ای میلز کے ذریعے شہریوں کو یہ پیغام بھیجتے ہیں کہ ’’آپ کا پارسل آیا ہے، وصولی کے لیے تین درہم کی فیس ادا کریں‘‘۔ اس مقصد کے لیے ایک جعلی لنک دیا جاتا ہے جس پر کلک کرنے سے ذاتی معلومات جعل سازوں تک پہنچ جاتی ہیں۔اماراتی پولیس اور سائبر کرائم ایجنسیز نے عوام پر زور دیا ہے کہ وہ ایسے پیغامات اور لنکس پر ہرگز کلک نہ کریں اور اپنی معلومات محفوظ رکھیں۔’امارات الیوم‘ کے مطابق اس نوعیت کی شکایات روزانہ بڑی تعداد میں موصول ہو رہی ہیں، جبکہ پولیس نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ ایسے کسی بھی پیغام کو نظر انداز کریں اور فوری طور پر حکام کو اطلاع دیں۔