برطانیہ کے دورے پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی شہزادی کیٹ مڈلٹن کی تعریف

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ برطانیہ کے دو روزہ سرکاری دورے پر 17 ستمبر کو لندن پہنچے، جہاں شہزادی کیٹ مڈلٹن اور پرنس ولیم نے ان کا استقبال کیا۔ اس موقع پر صدر ٹرمپ نے شہزادی کیٹ کی تعریف کرتے ہوئے کہا: “آپ بہت خوبصورت ہیں۔”غیر ملکی میڈیا کے مطابق 43 سالہ شہزادی کیٹ مرون رنگ کے خوبصورت لباس، ٹوپی اور پرس کے ساتھ نہایت شائستگی سے مسکراتی نظر آئیں جبکہ پرنس ولیم نے سیاہ لباس زیب تن کیا ہوا تھا۔استقبالیہ تقریب کے بعد بادشاہ چارلس سوم اور ملکہ کمیلا نے امریکی صدر ٹرمپ اور خاتونِ اول میلینیا کو باضابطہ خوش آمدید کہا۔ اس دوران توپوں کی سلامی ونڈسر کیسل کے مشرقی لان اور لندن ٹاور سے دی گئی۔ بعدازاں شاہی بگھی میں ٹرمپ جوڑے کو ونڈسر کیسل لے جایا گیا۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور ان کی اہلیہ کا یہ دورہ بادشاہ چارلس سوم کی خصوصی دعوت پر ہو رہا ہے۔دوسری جانب ٹرمپ کے اس تاریخی دورے کے موقع پر لندن کی سڑکوں پر ہزاروں افراد نے احتجاج بھی کیا۔