برسلز: یورپی یونین کی خارجہ امور کی سربراہ کاجا کالس نے بھارت کے روسی فوجی مشقوں میں شرکت پر شدید برہمی کا اظہار کیا ہے۔پریس کانفرنس میں کاجا کالس نے کہا کہ روسی فوجی مشقوں میں شرکت اور روس سے تیل و کوئلے کی خریداری جیسے اقدامات یورپی یونین اور بھارت کے تعلقات کو گہرا کرنے میں بڑی رکاوٹ ہیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر یورپی یونین نے بھارت کے ساتھ مؤثر بات چیت نہ کی تو دشمن طاقتیں اس خلا کو پُر کر دیں گی۔بھارت نے گزشتہ ہفتے روس کی سالانہ فوجی مشق Zapad میں 65 فوجی بھیجے تھے، جس میں نیٹو ممالک پر جوہری حملے کی نقل تیار کی گئی۔ اس سے قبل وزیر اعظم نریندر مودی نے چین کے دورے کے دوران صدر پیوٹن سے ملاقات کی تھی اور دونوں رہنماؤں کے درمیان قریبی تعلقات کا مظاہرہ ہوا تھا۔یورپی یونین اپنے 19ویں پابندیوں کے پیکج میں ان ممالک کو بھی شامل کرنے پر غور کر رہی ہے جو روس کی پابندیوں کو کمزور کرنے میں کردار ادا کر رہے ہیں، جن میں بھارت بھی شامل ہے، جو روسی تیل اور کوئلے کا سب سے بڑا خریدار مانا جاتا ہے۔