پی آئی اے کے بعد از حج آپریشن کا آغاز ہو گیا۔حجاج کرام کی پہلی پرواز پی کے 760 کے ذریعے 329 حجاج لاہور پہنچ گئے۔لاہور ایئرپورٹ پر پی ائی اے کے اسٹیشن مینیجر علی عباس شاہ اور حج مینیجر میاں سہیل محمود نے حجاج کرام کا استقبال کیا۔حجاج کرام کو پی آئی اے کی جانب سے پھولوں کے ہار پہنائے گئے۔پی آئی اے کے بعد از حج آپریشن کے پہلے روز اسلام آباد ،کراچی اور لاہور کے لیے پہلی پروازوں کے ذریعے 900 سے زائد حجاج کی وطن واپسی ہوگی۔ترجمان مذہبی امور کی طرف سے ہفتہ کو جاری بیان کے مطابق پہلی حج پروازیں جدہ سے کراچی، فیصل آباد اور اسلام آباد پہنچیں گی۔ ترجمان نے کہا کہ جدہ سے حج فلائٹ آپریشن20 جولائی تک جاری رہے گا۔ حجاج کرام کی مکہ سے مدینہ روانگی کا آغاز5 جولائی سے ہو گا،38 ہزار حجاج کرام کو مدینہ منورہ بھجوایا جائے گا۔ترجمان مذہبی امور نے کہا کہ مدینہ منورہ سے آخری حج پرواز 2 اگست کو وطن واپس پہنچے گی۔خیال رہے کہ پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن (پی آئی اے) نے بعد از حج آپریشن پروازوں کا شیڈول جاری کر دیا، آپریشن کا باقاعدہ آغاز (آج) اتوار 02 جولائی سے ہو رہا ہے۔۔پی آئی اے کا قبل از حج پروازوں کا بروقت روانگی کا تناسب 94 فیصد رہا جس کی کافی پذیرائی ملی۔ ترجمان نے کہا کہ پی آئی اے انتظامیہ کی جانب سے پوری کوشش کی جارہی ہے کہ بعد از حج پروازوں کی بروقت روانگی کا تناسب 90 فیصد سے زائد رکھا جائے گا۔ پی آئی اے نے جدہ حج ٹرمینل پر حجاج کرام کی وطن واپس روانگی کے لئے خصوصی انتظامات کئے ہیں، پی آئی اے کی خصوصی حج ٹیمیں جدہ و مدینہ ایئر پورٹس پر حجاج کی رہنمائی کے لئے موجود ہیں ۔ پاکستانی ایئر پورٹس پر حجاج کرام کے پرتپاک استقبال کے بھی اقدامات مکمل کرلئے گئے ہیں۔
83