سابق بھارتی کپتان نے کرکٹ کے میدان میں تو ہزاروں رنز بنا رکھے ہیں لیکن اب ان کی کمائی کا ہندسہ بھی ہزار سے تجاوز کر گیا ہے۔بھارتی میڈیا نے اپنی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان کی سالانہ آمدنی کے بارے میں خبر شائع کی ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ ویرات کوہلی کی آمدنی ایک ہزار کروڑ سے بھی تجاوز کر گئی ہے اور وہ 1050 کروڑ بھارتی روپے کمانے والے کرکٹر بن چکے ہیں۔رپورٹ کے مطابق سابق کپتان کو بی سی سی آئی سے معاہدے کے تحت سالانہ سات کروڑ بھارتی روپے معاوضہ ملتا ہے۔ اس کے علاوہ 15 لاکھ روپے ٹیسٹ میچ، 6 لاکھ روپے ون ڈے اور 3 لاکھ روپے ٹی ٹوئنٹی میچ فیس علیحدہ ہے جب کہ 15 کروڑ روپے سالانہ انہیں ٹی ٹوئنٹی لیگ سے ملتے ہیں۔یہ تو صرف کرکٹ کے میدان سے ہونے والی آمدنی کے اعداد وشمار ہیں لیکن کھیل کے میدان سے علیحدہ بھی ان کے آمدنی کے ذرائع بہت وسیع ہیں۔ویرات کوہلی 18 مختلف برانڈز کے ایمبیسیڈر ہیں وہ ایک برانڈ سے ساڑھے 7 کروڑ سے 10 کروڑ روپے تک لیتے ہیں یوں مجموعی طور پر برانڈز سے انہیں ایک ارب 75 کروڑ روپے معاوضہ ملتا ہے جب کہ انہوں نے سوشل میڈیا کو بھی کمائی کا ذریعہ بنایا ہوا ہے جہاں صرف انسٹا گرام پر اپنی ایک پوسٹ پر انہیں 8 کروڑ 90 لاکھ روپے مل جاتے ہیں جب کہ انسٹا گرام پر فی پوسٹ ڈھائی کروڑ ان کے بینک بیلنس میں آتا ہے۔سابق بھارتی کپتان پیسے سے پیسہ بنانے کا ہنر جانتے ہیں اسی لیے انہوں نے مذکورہ ذرائع سے حاصل ہونے والی آمدنی کو بینک میں ڈپازٹ کرانے کے بجائے مختلف پروجیکٹس میں سرمایہ کاری کی ہوئی ہے۔ وہ ریسٹورنٹ اور لگژری ایتھلیٹک ویئر کے بھی مالک ہیں یوں ان کے تمام ذرائع آمدن ان کی کمائی کو 1050 کروڑ تک پہنچا چکے ہیں۔جب دولت اتنی تو پھر طرز زندگی تو شاہانہ ہوگا ہی، تو جناب کوہلی ممبئی میں 34 کروڑ جبکہ گروگرام میں 80 کروڑ روپے کے مالیت والے گھر کے مالک ہیں اور ان کے استعمال میں گاڑیوں کی مالیت 31 کروڑ روپے ہے۔
