لاہور : علیمہ خان کیخلاف پولیس میں مقدمہ درج نہیں،پنجاب پولیس کی رپورٹ پر عدالت نے درخواست نمٹا دی۔ تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ میں عمران خان کی بہن علیمہ خان کی گرفتاری سے روکنے اور کیسز کی تفصیلات سے متعلق درخواست پر سماعت ہوئی،جسٹس امجد رفیق نے علمیہ خان کی درخواست پر سماعت کی۔ درخواست گزار کی طرف سے کوئی بھی عدالت میں پیش نہ ہوا۔لاء افسر نے پنجاب پولیس کی رپورٹ جمع کرائی جس میں کہا گیا کہ علیمہ خان کیخلاف کوئی مقدمہ درج نہیں۔ لاہور ہائیکورٹ نے لاء افسر کے جواب کے بعد درخواست نمٹا دی۔ یاد رہے کہ اس سے قبل علیمہ خان نے خفیہ مقدمات میں گرفتاری سے روکنے کے لیے لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کیا تھا،علیمہ خان نے اپنے خلاف درج مقدمات کی تفصیلات کی بھی استدعا کی، دائر درخواست میں پنجاب حکومت سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا۔درخواست میں کہا گیا کہ علیمہ خان کے خلاف درج مقدمات کی تفصیلات فراہم کیں جائیں،عدالت کی اجازت کے بغیر 9 مئی کے بعد درج کسی بھی مقدمے سے گرفتاری سے روکا جائے۔ جب کہ جناح ہائوس حملہ کیس میں علیمہ خان کی 27 جون تک عبوری ضمانت منظور کی گئی تھی۔عدالت نے علیمہ خان کو ایک لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کرانے کا حکم بھی دیا۔ لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی کی بہن علیمہ خان کی درخواست ضمانت منظور کی ۔اے ٹی سی لاہور میں علیمہ خان کی درخواست ضمانت پر سماعت ہوئی۔ علیمہ خان نے تھانہ سرور روڈ میں جناح ہاؤس پر حملہ کیس میں رانا مدثر عمر ایڈووکیٹ کی وساطت سے اے ٹی سی میں ضمانت کی درخواست دائر کی۔ درخواست میں مؤقف اپنایا گیا کہ پولیس نے غیر قانونی طور پر مقدمہ میں ملوث کیا۔
