کراچی : محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں آج بھی ہلکی بارش متوقع ہے جبکہ شہر قائد میں 20 سے 30 کلو میٹر کی رفتار سے آندھی چلنے کی توقع کی جارہی ہے۔اے آر وائی نیوز کے مطابق محکمہ موسمیات نے کراچی میں آج ہلکی بارش کی پیشگوئی کی ہے جبکہ 20 سے 30 کلو میٹر کی رفتار سے آندھی چلنے کے امکانات ہیں۔ دوپہر ایک سے پانچ بجے کے درمیان ہلکی آندھی شہر کو اپنی لپیٹ میں لے سکتی ہے جبکہ کراچی میں بادلوں کا راج ہے اور ابھی سے مختلف علاقوں میں تیز ہوائیں چلنا شروع ہوگئی ہیں۔چیف میٹرو لوجسٹ سردار سرفراز نے بتایا کہ طوفان اپنے اثرات دکھاتا ہوا جائے گا تاہم بیپر جوائے کراچی میں خطرفناک صورتحال پیدا نہیں کرے گا۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کل دوپہر یا شام کو سمندری طوفان لینڈ فال کرے گا۔ حکام کے مطابق تھرپارکر، بدین، سجاول، عمر کوٹ میں شدید بارش متوقع ہیں، 80 سے 100 کلو میٹر کی رفتار سے ہوائیں بھی چلیں گی۔ذرائع کے مطابق ابراہیم حیدری، میر پور ساکرو میں مچھیروں کی بستیاں سمندر کےساتھ واقع ہیں جبکہ سندھ کی ساحلی پٹی سے 5 ہزار 981 خاندانوں کی نقل مکانی ہو چکی ہے۔ ٹھٹہ کی ساحلی بستی کیٹی بندر میں تیز ہوائوں کے ساتھ بارش ہوئی ہے جس کے سبب اطراف کے گائوں خالی کرالیے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ فوج کے تازہ دم دستوں کو بھی ٹھٹہ اور سجاول میں تعینات کردیا گیا ہے۔
