مالک اور اس کا پالتو مادہ کتا ایک ہی موذی مرض کا شکار ہوگئے ہیں یہ عجیب وغریب واقعہ برطانیہ میں پیش آیا ہے جہاں پہلے مالک اور پھر چند ماہ بعد اس کے مادہ کتے میں گردوں کے کینسر کی تشخیص ہوئی۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق سائمن اوبرائن نامی شخص کے دائیں گردے میں گزشتہ سال اکتوبر میں کینسر کی تشخیص ہوئی تھی اور کچھ ماہ بعد اس کی پالتو کتیا میں بھی اسی موذی مرض کی نشاندہی ہوئی ہے۔ اسکین میں اس جان لیوا مرض کے ظاہر ہونے سے قبل دونوں میں شدید تھکاوٹ، پیاس لگنا جیسی ایک طرح کی علامات ظاہر ہوئی تھیں۔خوش قسمتی سے سائمن او برائن کا کینسر سے متاثرہ گردہ سرجری کے بعد نکال دیا گیا جس کی وجہ سے اس کا کینسر ختم ہوگیا لیکن اس کے لیبراڈور نسل کے پالتو مادہ کتے کی ایسی سرجری نہیں ہوسکتی اس لیے وہ زیادہ وقت تک زندہ نہیں رہ پائے گا۔اس موقع پر سائمن اوبرائن نے اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ اگر آپ جانور پالنے والے نہیں ہے تو آپ شاید نہ سمجھیں تاہم اگر آپ جانوروں سے محبت کرتے ہیں تو آپ کو سمجھ آئے گی کہ یہ میرا بہترین دوست ہے اور میرے لیے یہ فیملی کی طرح ہے۔او برائن فیملی نے اپنی پالتو کتیا بیلا کی بیماری پر رواں برس مئی میں اس وقت دھیان دینا شروع کیا جب اس کا وزن کم ہونا شروع ہوا، وہ زیادہ سونے لگی اور زیادہ پانی پینے لگی کیونکہ اس سے قبل وہ ہمیشہ خوش رہتی اور بچوں کے ساتھ کھیلنا پسند کرتی تھی۔جب اس کو جانوروں کے ڈاکٹر کو دکھایا گیا تو اس میں کینسر کی تشخیص ہوئی اور ڈاکٹر نے یہ بری خبر بھی سنائی کے اس کے پاس زیادہ وقت نہیں ہے۔سائمن اوبرائن کا کہنا ہے کہ میری فیملی اپنی کتیا سے بہت پیار کرتی ہے اس لیے وہ اس کی دلجوئی کے لیے اسے ساحل سمندر پر لے جاتے ہیں کیونکہ اس کو لہریں بہت پسند ہیں۔
