تفصیلات کے مطابق لیبیا اور یونان کشتی حادثات پر ایف آئی اے نے انسانی اسمگلرز کیخلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔ دونوں حادثات میں ملوث چالیس انسانی اسمگلرزکے نام کنٹرول لسٹ میں شامل ہیں۔ انسداد انسانی اسمگلنگ سیل اسلام آباد زون نے پانچ مقدمات درج کرلئے، کنٹرول لسٹ میں شامل زیادہ افراد کا تعلق پنجاب سے ہے۔ اسلام آباد زون نے اب تک کیسز میں گیارہ ملزمان کو گرفتار کیا، ملزمان کا تعلق جھنگ،شورکورٹ،سیالکوٹ اور گجرات سے ہے۔ ڈی جی ایف آئی اے اسحاق جہانگیری نے کارروائیاں مزیدتیز کرنے کی ہدایت کی ہے، ڈائریکٹر ایف آئی اے اسلام آباد زون کی ہدایت پر مزید ٹیمیں تشکیل دے دی گئیں ہیں۔ دوسری جانب لیبیا کشتی حادثے میں انتہائی مطلوب انسانی اسمگلر سمیت 6 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ ملزمان کو گوجرانوالہ اور گجرات کے مختلف علاقوں سے گرفتار کیا گیا، گرفتار ملزم خرم شہزاد لیبیا میں موجود بین الاقوامی ایجنٹوں کا اہم کارندہ ہے۔ ترجمان نے بتایا کہ ملزم نے کمسن بچے کو کشتی میں یورپ بھجوانے کیلئے 10لاکھ لیے، چھاپے کے دوران گرفتار ملزم سے متعدد پاسپورٹس برآمد کیے گئے ہیں۔
15