اسلام آباد : آڈیو لیکس کمیشن کیس،سپریم کورٹ نے اٹارنی جنرل کے اعتراضات کو ڈائری نمبر لگانے کی ہدایت کر دی۔ تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں مبینہ آڈیو لیکس کمیشن کیخلاف آئینی درخواستوں پر سماعت ہوئی،چیف جسٹس پاکستان جسٹس عمر عطاء بندیال کی سربراہی میں 5 رکنی بینچ نے سماعت کی۔ عدالت نے اٹارنی جنرل کے اعتراضات کو ڈائری نمبر لگانے کی ہدایت کرتے ہوئے قرار دیا کہ آئندہ ہفتے وفاقی حکومت کی درخواست پر سماعت کریں گے۔چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے کہ آپ کی درخواست کو رجسٹر کرنے کی ہدایت کر رہے ہیں۔ سپریم کورٹ نے اٹارنی جنرل کو درخواست کی کاپیاں تمام فریقین کو فراہم کرنے کا بھی حکم دیا۔ درخواست گزار ریاض حنیف راہی نے استدعا کی کہ میری درخواست ہے اسے سنا جائے۔چیف جسٹس نے قرار دیا کہ ہمارے پارے کچھ اور درخواستیں بھی آئی ہیں جنہیں رجسٹر کرنے کا حکم دے دیا ہے۔پہلے اٹارنی جنرل نے درخواست دائر کی ہے وہ سنیں گے،آپ نے جو درخواست دائر کی ہے وہ اگلے ہفتے سنیں گے۔ وکیل شعیب شاہین نے کہا کہ انکوائری کمیشن نے لکھا ہے ہم ٹاک شوز میں باتیں کرتے ہیں،چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے کہ آپ تحریری طور پر دیں اس کو سنیں گے،بینچ کے معاملے پر اٹارنی جنرل کے دلائل سنیں گے۔بینچ پر اعتراض کا گزشتہ سماعت پر فیصلہ نہیں ہوا تھا،سپریم کورٹ نے سماعت ایک ہفتے کیلئے ملتوی کر دی۔قبل ازیں جسٹس قاضی فائز عیسٰی کی سربراہی میں قائم آڈیو لیکس کمیشن نے سپریم کورٹ میں جواب جمع کرایا۔ آڈیو لیکس کمیشن کا جواب 12 صفحات پر مشتمل ہے جس میں کمیشن نے لارجر بینچ پر اعتراض کیا۔ آڈیو لیکس کمیشن کے جواب میں کہا گیا کہ مناسب نہیں چیف جسٹس پاکستان کی سربراہی میں لارجر بینچ آڈیو لیکس کمیشن کیس سنے۔
37