سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ ووٹ مانگنے والے پارٹیاں چھوڑ رہے ہیں ووٹ دینے والے ابھی نہیں بدلے، کیوں کہ سیاسی جماعت کوئی شوگر فیکٹری نہیں ہوتی عوام کے دلوں میں ہوتی ہے، آج جو (ن) لیگ فصل بورہی ہے کل اسے کاٹے گی، قصور کا بریانی جلسہ لال حویلی کا کچھ نہیں بگاڑسکتا، یوم تکبیرکے ایٹمی دھماکوں پرراجہ ظفر الحق گوہرایوب اورخود شیخ رشید کو کریڈیٹ دیتا ہوں، باقی ساری کابینہ نواز شریف سمیت دھماکوں کی مخالف تھی۔تفصیلات کے مطابق سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کردہ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ 13جماعتی ٹولہ عوام میں نفرت کا نشان بن چکا ہے، آئی ایم ایف سے چھٹی اوردوستوں سے کٹی ہے، سزا یافتہ مجرم مفرور نوازشریف مذاکرات کیوں کرے گا؟ الیکشن کیوں کرائے گا؟ رات جو لندن کے کیفے میں اس کے ساتھ ہوا وہی اس کی مقبولیت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔سابق وزیر داخلہ نے کہا کہ جن کا جینا مرنا پاکستان میں ہے ان کو ای سی ایل میں ڈالا جا رہاہے، جن سزایافتہ مفرورمجرموں کی جائیدائیں اولاد پاکستان سے باہرہے ان کو سفارتی پاسپورٹ جاری کیا گیا ہے، جب اقتدارکے باہرہوتے ہیں تو پرائیوٹ جہازوں سے بھاگتے ہیں، ان کو ای سی ایل میں ڈالنا چاہیئے۔انہوں نے کہا کہ 13جماعتوں کے لیڈر نیلامی میں اورعوام پریشانی میں ہیں، اداروں سے درخواست ہے 9 مئی کی غیرجانبدار تحقیقات کرائی جائیں، جو بھی ملوث ہے اسے سخت سزادی جائے لیکن کس کے کہنے پرپولیس خواب خرگوش سوئی رہی؟ یہ سب سے اہم ترین سوالیہ نشان ہے اس کی بھی تحقیقات ہوں، کوئی بھی محب وطن پاکستانی اپنی فوج کے خلاف نہیں ہوسکتا لیکن پی ڈی ایم کے چوروں کے ساتھ بھی کھڑا نہیں ہوسکتا۔
