جنوبی کوریا : جہاز کا ہنگامی دروازہ کھولنے پر 30 سالہ نوجوان کو گرفتار کر لیا گیا۔غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ جنوبی کوریا میں پیش آیا جہاں ڈیگو انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ایشیانا ایئر لائنز کی پرواز کا ہنگامی دروازہ کھولنے پر نوجوان شخص کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔مسافر کے دروازہ کھولنے کے لمحات کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر گردش کر رہی ہے۔واقعہ کے وقت طیارہ زمین سے تقریباً 250 میٹر کی بلندی پر تھا۔رپورٹ کے مطابق جہاز میں اُس وقت 200 افراد سوار تھے،194 مسافر بحفاظت اتر گئے۔ابھی تک یہ واضح نہیں ہے کہ مشتبہ شخص کے جہاز کا ایمرجنسی دروازہ کھولنے کے مقاصد کیا تھے تاہم عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ اس نے دروازہ کھولنے کے بعد باہر چھلانگ لگانے کی کوشش کی۔وائرل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ نوجوان کے ایمرجنسی دروازہ کھولنے کے بعد دیگر مسافروں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔اس طرح کے واقعات پہلے بھی پیش آتے رہے ہیں۔ گذشتہ ماہ بھی نشے میں دھت ہو کر جہاز کا ایمرجنسی دروازہ کھولنے کی کوشش کرنے والے شخص کو حراست میں لے لیا گیا تھا۔بھارتی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ دہلی سے بنگلورو جانے والی انڈیگو کی پرواز میں پیش آیا جہاں40سالہ ایک مسافر نشہ کرکے پرواز میں سوار ہوا تھا۔فلائٹ انتظامیہ کی جانب سے بتایا گیا کہ ایک شخص نے نشے کی حالت میں جہاز کا ایمرجنسی گیٹ کھولنے کی کوشش کی، جس کی اطلاع عملے کی جانب سے جہاز کے کیپٹن کو دی گئی اور مسافر کو قانونی کارروائی کے حوالے سے خبر دار کیا گیا۔انتظامیہ کے مطابق فلائٹ باحفاظت لینڈ ہوئی اور بنگلورو پہنچنے پر مسافر کو سکیورٹی حکام کے حوالے کر دیا گیا۔
