14

طالبہ سے مبینہ زیادتی کی پوسٹ شیئر کرنے پر پی ٹی آئی یوتھ ونگ کے صدر کیخلاف مقدمہ درج

تفصیلات کے مطابق پولیس نے کالج طالبہ سے مبینہ زیادتی کی پوسٹ شیئر کرنے پر پی ٹی آئی یوتھ ونگ کے صدر کیخلاف مقدمہ درج کرلیا۔ مقدمہ تفتیشی افسرعبدالقادرکی مدعیت میں درج کرکے ملزم کو گرفتار کرلیا۔ مقدمے کے متن میں کہا گیا کہ ملک احمد نے سوشل میڈیا پرلڑکی اور اس کے خاندان کی عزت کو نقصان پہنچایا، پوسٹ کے ذریعے طبا کو اداروں کیخلاف سوچی سمجھی سازش کے تحت بھڑکایا۔ گذشتہ روز کالج طالبہ سے مبینہ زیادتی سے متعلق سوشل میڈیا پر پوسٹ شیئر کرنے پر حاصل پور میں شہری کیخلاف مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ سب انسپکٹر سردار محمد کی مدعیت میں تھانہ سٹی میں زبیرکیخلاف مقدمہ درج کیا گیا تھا ، جس میں کہا تھا کہ ملزم زبیر نے سوشل میڈیا پر طالبہ اور اس کے خاندان کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی اور پوسٹ سے طلبا کو اداروں کیخلاف سازش کےتحت بھڑکایا۔ یاد رہے سوشل میڈیا پر طالبہ سے متعلق جھوٹی خبریں پھیلانے پر ایف آئی اے نے 36 افراداورسوشل میڈیا اکاؤنٹس کے خلاف ایف آئی آر درج کرلی تھی اور پروپیگنڈے میں ملوث سوشل میڈیا اکاؤنٹس اور افراد کے خلاف چھان بین شروع کردی تھی۔ خیال رہے لاہور کے نجی کالج میں طالبہ سے مبینہ زیادتی کے واقعے سے متعلق ڈس انفارمیشن پھیلانے پر 7 رکنی تحقیقاتی ٹیم تشکیل دی گئی تھی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں