ادارہ شماریات نے ملک میں آٹے کی قیمتوں کے حوالے سے ادارہ شماریات نے ایک رپورٹ جاری کی ہے جس کے مطابق ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی کے شہری پاکستان میں سب سے مہنگا آٹا خریدنے پر مجبور ہیں۔رپورٹ کے مطابق گزشتہ دو ہفتوں کے دوران کراچی میں 20 کلو آٹے کا تھیلا 200 روپے تک مہنگا ہوا ہے اور شہر قائد کے باسیوں کو 20 کلو آٹے کا تھیلا 2200 روپے میں مل رہا ہے۔ادارہ شماریات کی دستاویز میں سندھ کے دوسرے بڑے شہر حیدرآباد کے شہری دوسرے نمبر پر مہنگا آٹا خریدنے والوں میں شمار ہیں۔ یہاں 20 کلو آٹے کا تھیلا دو ہزار روپے تک میں فروخت کیا جا رہا ہے۔دستاویزات کے مطابق خضدار میں 20 کلو آٹے کا تھیلا 1950، اسلام آباد میں 1946، راولپنڈی میں 20 کلو آٹے کا تھیلا 1933، کوئٹہ میں 1880 روپے تک میں دستیاب ہے۔یہی 20 کلو آٹے کا تھیلا بنوں میں 1850، لاڑکانہ میں 1840، پشاور، سیالکوٹ، بہاولپور، گوجرانوالہ اور سرگودھا میں 1800 تک میں فروخت کیا جا رہا ہے۔سکھر میں 20 کلو آٹا 1780 روپے، ملتان میں 1733 جب کہ لاہور اور فیصل آباد میں 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت 1700 تک ہے۔
24