سکھر : صوبائی زیر برائے اقلیتی امور گیان چند ایسرانی نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کی حکومت نے ہمیشہ اقلیتی برادری کے حقوق کے تحفظ اور مسائل کے حل کی جدوجہد کی ہے، چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، شریک چیئرمین سابق صدر آصف علی زرداری کی خصوصی ہدایات پر سندھ بھر میں اقلیتی برادری کو ان کے جائز حقوق فراہم کئے جارہے ہیں، انہیں مکمل طو رپر مذہبی آزادی حاصل ہیں، سکھر سمیت سندھ بھر کے مندروں کے تعمیراتی کام جلد از جلد شروع کئے جائیں گے اور انہیں ہنگامی بنیادوں پر پایہ تکمیل تک پہنچایا جائیگا، پیپلز پارٹی ہندو برادری کو کبھی اکیلا نہیں چھوڑے گی، ہمیشہ ان کا ساتھ دے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیپلز پارٹی منارٹی ونگ ضلع سکھر کے جنرل سیکریٹری راج کمار وادھوانی، کی قیادت میں ملاقات کرنے والے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ شدانی دربار کے شیوہ داری شنکر لال پترا ودیگر بھی موجود تھے۔ اس موقع پر راج کمار دھوانی نے صوبائی وزیر اقلیتی امور گیان چند ایسرانی کو سکھر کے گئو شالہ کے لئے وزیر اعلیٰ سندھ کی جانب سے 5کروڑ روپے کی سمری پیش کی، جسے گیان چند ایسرانی نے منظور کیا اور یہ رقم فوری جاری کرانے کی یقین دہانی کرائی جبکہ سادھو بیلہ کے لئے 10لاکھ روپے دینے کا اعلان بھی کیا۔ راج کمار وادھوانی نے صحافیوں کو بتایا کہ بھگوان شری کرشن گئو شالہ مندر کا کام رکا ہوا تھا، اب اس منصوبے پر کام ہوگا، وزیر اعلیٰ سندھ نے 5کروڑ روپے دینے کا کہا تھا، گیان چند ایسرانی نے وہ سمری منظور کرلی ہے، جبکہ سادھو میلہ کے آنیوالے میلے کے لئے بھی 10لاکھ روپے دینے کا اعلان کیا ہے اور گھوٹکی کے میرپور ماتھیلو کے مندر کے لئے بھی 2کروڑ کی گرانٹ کی منظوری دی ہے۔ ہندو برادری کے لوگ سابق وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ، وزیر اعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی سینیٹر وقار مہدی، صوبائی وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ اور گیان چند ایسرانی کے تہہ دل کے شکر گزار ہیں کہ وہ ہندو برادری کے جائز مسائل کے حل کے لئے اپنا بھرپور کردار ادا کرتے ہیں، ہم نے جب بھی ان کے دروازے پر دستک دی ہمیں فوری اور بروقت خوش آمدید کہا گیا، ہمارے مسائل سن کر انہیں فوری طور پر حل کرایا گیا، جس پر ہم ان کا دل کی گہرائیوں سے شکریہ ادا کرتے ہیں اور امید کرتے ہیں کہ مستقبل میں بھی وہ اسی شفقت و عنایت کا سلسلہ برقرار رکھیں گے۔
